حکمرانوں نے کرپشن اور لوٹ مار سے ملک کو بھکاری بنا دیا: حمزہ شہباز
پھولنگر (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ آئندہ انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں جو پاکستان کی سمت کا تعین کریں گے۔ عوام اس جماعت کو ووٹ دیں جو بیان بازی میں وقت ضائع کرنے کے بجائے دن رات عوامی فلاح کے منصوبے مکمل کر رہی ہے۔ حکمرانوں نے اپنی کرپشن اور لوٹ مار سے 18 کروڑ پاکستانیوں کے ملک کو بھکاری بنا کر رکھ دیا ہے۔ وفاقی حکمران غیروں سے ڈالروں کی بھیک مانگنے کی بجائے پنجاب حکومت سے سبق حاصل کریں جس نے گذشتہ اڑھائی سال کے دوران اغیار سے ایک پائی کا قرضہ لئے بغیر شاندار گورننس کی روشن مثال قائم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پھولنگر کے قریب دیناناتھ کے مقام پر ہلال احمر پنجاب کے زیر انتظام 500 بیڈ کے ٹیچنگ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ہلال احمر پاکستان کے صدر جسٹس (ر) خلیل الرحمن خان، چیئرمین ہلال احمر پاکستان شیخ محمد منور اور پرنسپل ٹیچنگ ہسپتال تنویر شیروانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی اور معززین علاقہ سمیت طلبا و طالبات کی بھاری تعداد موجود تھی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ اگر آئندہ الیکشن میں عوام نے موقع دیا تو اقتدار میں آ کر کرپشن کے خلاف فیصلہ کن جنگ کریں گے۔ قومی خزانے کی لوٹ مار کر کے رقم سوئس اکا¶نٹس میں منتقل کرنے والوں کا یوم حساب قریب آن پہنچا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا مقصد ملک میں معیشت و روزگار کی بحالی اور دہشت گردی و کرپشن کا خاتمہ ہے۔ تعلیم اور صحت ہماری اولین ترجیح ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صرف تعلیم کا ہتھیار ہی کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی نوجوان نسل صلاحیتوں اور ٹیلنٹ میں کسی سے پیچھے نہیں۔ ہمارے مسائل ہر روز سنگین صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال سے باہر نکلنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ نوجوان آئندہ الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت کا بھرپور استعمال کریں کیونکہ آئندہ الیکشن دراصل پاکستان کی بقا کی جنگ ہیں جسے نوجوانوں کو ہر صورت میں جیتنا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ پاکستان کے ذمہ واجب الادا قرضوں سے کہیں زیادہ اس کے پاس معدنیات کی دولت ہے، اگر حکمرانوں کی نیت صاف ہو تو اللہ بھی مدد کرتا ہے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے ٹیچنگ ہسپتال سے ملحقہ 11 کنال زمین بھی ہسپتال میں شامل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر رانا محمد حیات خاں، رانا محمد اسحاق خاں، رانا محمد اقبال خاں، شہزاد اقبال خاں، رانا جاوید اقبال، رانا محمود اقبال، رانا مجیب اقبال بھی موجود تھے۔