• news

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار مشتاق پیپلزپارٹی میں شامل ‘ جلسے ٹریلر ہیں‘ الیکشن میں عوامی خدمت کی بنیاد پر اصل فلم چلائیں گے: وزیراعظم

ہری پور (اے پی اے) وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے ہزارہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی سے گریز سے ہی جمہوریت کو استحکام بخشا جا سکتا ہے ،دوسروں کو چور کہہ کر خود کو سادھ سمجھنے والے شور مچانے کی بجائے عوام کے سامنے حقائق اور ثبوت لائیں تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے، مخالفین سن لیں کہ ایوان میں داخل ہونے کے لیئے میدان میں آنا ہو گا اصغر خان کیس جیسے کرداروں کی معاونت حاصل کر کے عوامی مینڈیٹ چرانے کے تمام راستے مسدود کر کے جعلی ووٹنگ، مکاری اور جھرلو کی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے تاکہ آئندہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کی حقیقت الیکشن کے ذریعے سامنے لائی جا سکے ۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہماری جمہوریت پسندی اور جمہوری اقدامات نے مخالفین کے ہاتھوں کے طوطے اڑا دیئے ہیں کیونکہ پہلے دن سے الزام تراشی کرنے والے تمام تر کوششوں کے باوجود جمہوریت کو پروان چڑھنے سے روک نہیں سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کو مضبوط کیا اور انہوں نے اپنے تمام تر اختیارات پارلیمنٹ کو دے کر مخالفین کو بتا دیا کہ پیپلز پارٹی اختیارات کے لیئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لیئے سیاست کرتی ہے۔ مخالفین حقیقتاً سچ کا علم اٹھانے والے ہوتے تو آصف زرداری کے اختیارات پارلیمنٹ کو دینے جیسی جمہوریت پسندی کو سراہتے۔ تفصیلات کے مطابق ہری پور ہزارہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دوسروں کو چور کہہ کر خود کو سادھ سمجھنے والے شور مچانے کی بجائے عوام کے سامنے حقائق اور ثبوت لائیں تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے، مخالفین سن لیں کہ ایوان میں داخل ہونے کےلئے میدان میں آنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے محترمہ بے نظیر بھٹو کے منشور پر عمل کرکے ہم اس قابل ہو گئے کہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود 5سال مکمل کئے اور 1973والا آئین دوبارہ متعارف کرا دیا ہے۔ ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کرنے والے سمجھتے ہیں کہ شاید وہی سب سے بڑے سیاستدان ہیں ،حالانکہ وہ ڈرائنگ روم کی سیاست کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس جیسے عناصر اور ایجنسیوں کے سہارے مزید نہیں چلیں گے، پی پی نے عوامی منڈیٹ چھیننے اور جمہوریت پر شب خون مارنے کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں جمہوریت دشمن عناصر کے کاندھوں پر سوار ہونے والوں کو اب میدان کی سیاست کا سامنا کرنا ہو گا، چور راستوں سے ایوان میں داخل ہونا قصہ پارینہ بن چکا ہے۔اب ملک میں وہ پارٹی حکومت کرے گی جسے عوام منتخب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ راہ فرار اختیار کرنے، محلوں اور ائیر کنڈیشنوں میں بیٹھنے والے جانین قربان کرنے والوں کو سمجھانے لگے ہیں کہ سیاست کیا ہوتی ہے ،نیب کی جانب سے پنجاب کی کرپشن کے حقائق سامنے لائے گئے تو اسے پاگل کہنے والوں کا مقصد صرف اور صرف حکومت کی مخالفت اور جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکانا ہے ۔راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہم نے مسائل پر رونے دھونے کی بجائے انہیں حل کرنے اور قوم کو مایوسی سے نکالنے پر زور دیا، مشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد ملک میں پھیلنے والی مایوسی کو بھٹو شہید نے جنہیں جھوٹے مقدمے میں پھانسی دی گئی، اپنی جوانمردی سے ختم کیا، آج ہمارے مخالفین بھٹو کا انداز اپنانے کی کوشش کرتے ہیں تا کہ عوام ان کی نقالی کو حقیقت مان کر لیڈر سمجھ لے تو انہیں بتا دینا چاہتا ہوں لیڈر بننے کے لیئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں ،عوام کا دکھ درد محسوس کرنا پڑتا ہے نہ کہ اقتدار چھین لیئے جانے پر راہ فرار اختیار کرنے سے بندہ لیڈر بنتا ہے۔تعصب کی عینک اتار کر اپنے گریبانوں میں جھانکیں ۔گاو¿ں چھوٹا ہو یا بڑا پیپلز پارٹی ہر جگہ موجود ہے ۔پی پی نے عوامی فلاح و بہبود کے کسی بھی منصوبے کو ریجیکٹ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائدین کی شہادت نے پارٹی کمزور نہیں بلکہ پارٹی کو مذید مضبوط کیا ہے۔ ہماری پارٹی وفا کرنے اور جان دینے والی پارٹی ہے جس نے عام آدمی کو ووٹ کا حق دیا۔ جلسے کے اختتام پر سڑکوں کی تعمیرات اور غیر مستقل ملازمین کو مستقل کرنے سمیت کئی عوامی پروجیکٹس کی منظوری کا اعلان کیا۔ کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر ایسی باتیں کرتے ہیں جیسے ساری سیاست ان کو ہی آتی ہے۔ مفاہمتی سیاست سے5 سال مکمل کئے جو معمولی بات نہیں، مخالفین کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ کیا کریں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سردار مشتاق نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔ سردار مشتاق نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان وزیراعظم کی موجودگی میں جلسے میں کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سردار مشتاق کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں سے کبھی بے وفائی نہیں کرتی۔وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کوٹ نجیب اللہ جلسہ عام سے قبل مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں ذوالفقار علی بھٹو شہید وومن اینڈ چلڈرن پارک ہری پور جس پر 2 کروڑ 15 لاکھ روپے لاگت آئی ہے کا افتتاح کیا۔ دوسرا منصوبہ کنڈی عمر خانہ پیر عبدالحامد میں واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا۔اس کے علاوہ ٹیکسلا ہری پور روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس منصوبے پر29 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔وزیراعظم نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جلسے صرف ٹریلر ہیں الیکشن میں عوامی خدمت کی بنیاد پر اصل فلم دکھائیں گے۔ ڈرائنگ روم کی سیاست کرنے والوں کو گلی محلے کی سیاست کا پتہ نہیں۔ ایک دوسرے کا منہ نوچنے سے جمہوریت مستحکم نہیں ہو گی۔ جعلی ووٹوں کا خاتمہ کر چکے۔ اب کوئی دھوکہ نہیں دے سکتا۔ میدان لگنے سے پہلے ہی مخالفین ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں۔ الزام تراشی کی سیاست کرنیوالے ایشوز کی سیاست کریں۔ شروع دن سے پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن