• news

ممبئی حملہ کیس: بھارتی جوڈیشل کمشن آج آئےگا: پولیو ٹیم سکیورٹی کے بغیر گئی: رحمان ملک

اسلام آباد (وقت نیوز/ اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دورہ بھارت کامیاب رہا۔ ممبئی حملوں کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن آج پاکستان آئے گا۔ 38 سال بعد پاکستان بھارت ویزا پالیسی تبدیل کی گئی ہے۔ صدر زرداری کو بھارتی وزیراعظم کا پیغام پہنچایا اور بھارتی وزیراعظم نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دورہ بھارت میں کئی لوگوں سے ملاقات ہوئی۔ بھارتی عوام پاکستان کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں۔ بھارت کے دورے کے دوران کوئی منفی بات سامنے نہیں آئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو ٹیم بغیر اجازت اور بغیر سکیورٹی کے گئی تھیں۔ پیپلز پارٹی نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ آپس میں تعلقات کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔ بھارتی میڈیا نے میرے بیانات کو منفی انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی۔ صدر اور وزیراعظم نے پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کےلئے کہا ہے۔ انسداد پولیو ٹیمیں متعلقہ تھانے میں رپورٹ کرکے مہم پر جائیں۔ پاکستان اور بھارت دونوں دوستی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیو ٹیموں کیخلاف دہشت گردی پاکستان کیخلاف گرینڈ پلان کا حصہ ہے۔ دہشت گرد جلد بے نقاب ہونگے، پولیو ٹیمیں متعلقہ تھانوں کو اطلاع دے کر سکیورٹی ساتھ لے کر جائیں۔ پاکستان اور بھارت دہشت گردی، انتہا پسندی کا مقابلہ مل کر کریں، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم مل کر الیکشن لڑینگی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے احترام میں الطاف حسین کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پی پی پی اور ایم کیو ایم کی دوستی کوئی ختم نہیں کر سکتا، زرداری اور میرے درمیان دوریوں کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ زرداری میرے لیڈر ہیں، انکی ہر ہدایت پر عمل کرتا ہوں۔ بھارت کا دورہ کامیاب رہا۔ دریں اثناءرحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بہترین ملک ہے، سرمایہ کاروں کو ملک میں مکمل تحفظ فراہم کریں گے، متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستقبل میں مزید فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں۔ رحمن ملک سے اتصلات گروپ کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔ اتصلات گروپ کے وفد نے پاکستان میں پی ٹی سی ایل کے ٹاورز کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بہتر سکیورٹی کی وجہ سے ہم سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن