صدر نے میٹرک تک مفت اور لازمی تعلیم کے بل پر دستخط کر دئیے
کراچی (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری نے میٹرک تک مفت اور لازمی تعلیم کے وفاقی بل پر دستخط کر دئیے، جس کے تحت پاکستان میں ہر بچہ کو تعلیم حاصل کرنے کا حق دلایا جائے گا اور کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم رکھنا غیر قانونی ہو گا۔ صدر نے اس بل پر دستخط بدھ کو وزیر اعلیٰ ہاﺅس میں کئے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم، وفاقی اور صوبائی وزرا اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس بل کے تحت ملک بھر میں 5 سال سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کے لئے تعلیم کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور حکومت میٹرک تک بچوں کو لازمی تعلیم فراہم کرے گی۔ اس قانون کے تحت سرکاری سکولوں میں بچوں کو کتابیں اور یونیفارم مفت فراہم کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بچوں کو بنیادی تعلیم بے نظیر بھٹو کا ویژن تھا۔ اتفاق رائے سے تعلیم کے لئے قانون سازی اہم پیش رفت ہے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد کے لئے ایک نکتے پر متحد ہونا چاہئے، پیپلز پارٹی مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مخالفین کو ذاتی مفادات کے لئے مفاہمت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے۔