وسیم اختر کی ججز پر تنقید‘ سپریم کورٹ نے تقریر کا متن منگوا لیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت )سوموٹوایکشن اور توہین عدالت کی کارووائی کا امکان سپریم کورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر وسیم اختر کی قومی اسمبلی میں ججز پر شدید تنقید پر مبنی تقریر کا متن منگوا لیا ہے۔ ایک عدالتی ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے وسیم اختر کی قومی اسمبلی میں تقریر کا متن طلب کیا تھا، جس پر بدھ کے روز تقریر کے حذف شدہ اور غیر حذف شدہ متن سپریم کورٹ کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ وسیم اختر نے تین روز قبل قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے فاضل ججز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ڈپٹی سپیکر نے ان کے غیر پارلیمانی الفاظ اسمبلی کارروائی سے حذف کرا دیئے تھے۔