• news

امریکہ پاکستان کو مسلح ڈرون ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لئے تیار نہیں: وال سٹریٹ جرنل

واشنگٹن (آئی این پی) امریکی اخبار ”وال سٹریٹ جرنل“ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو گذشتہ سال مختصر فاصلے تک نگرانی کی صلاحیت کے حامل ”راون ماڈل“ نامی غیر مسلح ڈرونز فروخت کرنے پر تو اتفاق کر لیا تھا تاہم مسلح ڈرون ٹیکنالوجی کی پاکستان کو منتقلی کی امریکی حکام نے ہمیشہ مخالفت کی، پاکستانی دفاعی صنعت ڈرونز تیار کر رہی ہے جو عسکریت پسندوں پر حملوں کے لئے امریکہ کی جگہ لیں گے تاہم پاکستان کو مسلح ڈرون تیار کرنے میں دہائیاں نہیں تو کئی سال ضرور لگیں گے۔ بدھ کو اخبارکی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی فوجی امداد دینے جا رہا ہے جسے افغانستان میں نیٹو سپلائی کی بندش کے پاکستانی فیصلے کے بعد منجمد کر دیا تھا۔ جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے بغیر پاکستان مسلح ڈرون تیار کرنے کے قابل نہیں ہے، پاکستان کو مسلح ڈرون تیار کرنے میں دہائیاں نہیں تو کئی سال ضرور لگیں گے۔ ڈرون صنعت سے وابستہ ماہرین اور لوگوں نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے پریڈیٹر اور ریپر ماڈل کے طرز کے مسلح ڈرون کا بیڑا تیار کرے گا۔ پاکستان ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل طاہر اشرف خان نے کہا ہے کہ ہم نے امریکہ سے ڈرون ٹیکنالوجی کے حصول کی بہت کوشش کی تاکہ کوئی باہر سے ہماری سرزمین پر حملے نہ کرے اور ہم اپنی جنگ خود لڑ سکیں لیکن ہمیں ٹیکنالوجی کے حصول میں کامیابی نہیں ہوئی لہٰذا ہم اس میدان میں خود کود پڑے اور کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ اخبار کے مطابق پینٹاگون نے پاکستانی ڈرون پروگرام اور ڈرون ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم نہ کرنے کی وجوہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ پاکستانی فوج پہلے سے ہی غیر مسلح ڈرونز استعمال کرتی آرہی ہے لیکن اب اس کی تعداد میں بتدریج اضافہ کر دیا ہے۔ ملکی ساختہ ان ڈرون سے سرحدوں، ساحلوں اور پہاڑی سلسلوں کے ساتھ ساتھ طالبا ن اور دیگر عسکریت پسندوں کی پناہ گاہو ں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ پاک فوج کو ڈرون، ٹینکس اور طیارے فروخت کرنے والی کنسورشیم کمپنی گلوبل انڈسٹری ڈیفنس سولوشنز کے سیلز مینجر کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مسلح ڈرون تیار کرنے کی صلاحیت نہیں، ہو سکتا ہے اس کی تیاری میں پاکستان کو مزید 50 برس لگیں۔ پاکستان اس صلاحیت کیلئے چینی امداد کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔ جی آئی ڈی ایس کمپنی نے نیا اور جدید ”شاہ پر“ نامی ڈرون تیار کیا ہے جو تقریباً سات گھنٹے تک پرواز کرنے والا میڈیم رینج کا ڈرون ہے۔ پاکستانی کمپنی نے امریکہ کی ایک نجی کمپنی کو کچھ ڈرون برآمد کئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن