قومی بلائنڈ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز مسعود جان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا
اسلام آباد (اے پی پی) قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز مسعود جان نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا اب وہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ رہیں گے۔ مسعود جان نے ایک روزہ میچ میں 14 سال قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 262 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی جو کہ ابھی تک ورلڈ ریکارڈ ہے جس کی وجہ سے ان کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو اگر انکی ضرورت پڑی تو وہ خدمات پیش کرنے کےلئے تیار ہیں۔ مسعود جان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان گزشتہ روز کیا۔ انہوں نے 19سال کی عمر میں انٹرنیشنل سطح پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور سری لنکا کے خلاف پہلی گیند پر بانڈوری اور پہلے میچ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ مسعود جان نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات کو وہ کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں تاہم گھریلو مصروفیات کی وجہ سے وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کررہے ہیں۔