ایشین چیمپئنز ہاکی ٹرافی کا آج سے آغاز‘ قومی ٹیم جاپان کا مقابلہ کریگی
لاہور +اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) دوسرا ایشین مینز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جمعرات سے دوحا، قطر میں شروع ہوگا۔ قومی ٹیم آج جاپان کا مقابلہ کرے گی۔ ایونٹ میں ایشیا کی ٹاپ ٹیموں بھارت، عمان، چین، ملائیشیا اور جاپان سے مقابلہ ہوگا۔ فائنل سمیت مجموعی طور پر 18 میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کی ٹیم کل روایتی حریف بھارت کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ قطر پہنچنے پر قومی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ ہم طلائی تمغہ جیتنے کی کوشش کریں گے، ملک کیلئے مزید فتوحات حاصل کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔ ایونٹ کی تیاری کیلئے کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور کیمپ میں اپنی کمزوریوں کو دور کیا ہے۔ میلبورن میں چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف کامیابی کی بدولت کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔ محمد عمران نے کہا کہ ایونٹ میں تمام میچ سخت ہیں تاہم ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیلیں گے، قوم دعا کرے ٹیم ٹائٹل جیت کر وطن واپس لوٹے گی۔ٹیم کے چیف کوچ اختر رسول نے کہا کہ قوم کی دعا¶ں سے گولڈ میڈل لے کر آئیں گے۔ پاکستان کے پاس شاندار ٹیلنٹ ہے جبکہ نکھار کے لئے جستجو کی ضرورت ہے۔ ہاکی میں بہتری کے لئے اکیڈمیز کا کردار تمام ضروریات کو پورا نہیں کر رہا لہٰذا ارباب اختیار کو چاہیے کہ سکول اور کالج کی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں تا کہ پڑھے لکھے کھلاڑی آگے آ سکیں۔