اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں 1048 یہودی گھروں کی تعمیر کا ٹینڈر جاری کر دیا‘ منصوبہ منسوخ کیا جائے: اقوام متحدہ
مقبوضہ بیت المقدس (رائٹرز+ اے ایف پی) اسرائیل نے فلسطینی بیت المقدس اور دیگر فلسطینی مقبوضہ علاقوں میں 1048 گھروں کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا۔ صہیونی حکام نے کہا کہ جلد ہی منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کر دیا جائیگا۔ قبل ازیں عالمی برادری نے مشرقی بیت المقدس اور دیگر علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کی مخالفت کی تھی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پراجیکٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے برطانیہ سمیت کئی ممالک نے یہودی بستیوں کی متنازعہ تعمیر پر صہیونی سفیروں کو طلب کر کے احتجاج کیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہمیں کسی کی پرواہ نہیں، ہم 6000 میں سے 1048 یہودی گھر جلد تعمیر کرینگے اور اس کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ یورپی یونین، روس اور سلامتی کونسل کے بعض ارکان نے اسرائیل کو وارننگ دی ہے ۔ بان کی مون نے کہا اسرائیل خطرناک راستے پر چل رہا ہے۔