ڈرون حملوں پر امریکہ سے اختلافات ہیں‘ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں: حنا کھر
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + آن لائن + آئی این پی) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری ترقی ہو رہی ہے۔ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پروگرام کے مطابق عمل ہو رہا ہے، کشمیریوں کی زندگیاں آسان بنانا چاہتے ہیں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر بڑے مسئلے ہیں۔ حکومت نے ہمسایہ ملک سے تعلقات بہتر بنائے ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان امریکہ تعلقات اہم ہیں۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان پڑوسی ملک بھارت سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لئے اپنا کردار کر رہے ہیں۔ پاک امریکہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور ایران کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی چوائس نہیں۔ گیس منصوبہ ہر قیت پر پورا ہو گا۔ صدر جلد ایران کا دورہ کریں گے۔ اے پی پی کے مطابق ڈرون حملوں پر امریکہ سے اختلافات ہیں۔ پاکستان ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ کسی تعطل کا شکار نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں پر حملہ افسوسناک ہے۔ سفارتکاروں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی نے کہا کہ بھارت سے تعلقات بہتر ہوئے ہیں۔ آن لائن کے مطابق حنا ربانی کھر سعود الفیصل کی دعوت پر جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گی۔ دورہ کی دعوت سعودی سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم نے اسلام آباد میں پہنچائی۔