گوادر : 3 بسوں پر فائرنگ ‘ ایران کے راستے یورپ جانے کے خواہشمند 11 افراد جاں بحق
کوئٹہ (باری بلوچ / نیشن رپورٹ) بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر ایران کے راستے یورپی ملکوں کی طرف جانے والوں کی تین بس پر ضلع گوادر کے علاقے سرسانت کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ذرائع کے مطابق 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق مارے جانیوالوں میں زیادہ تر کا تعلق پنجاب سے تھا اور حملہ آور گولیاں برسانے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ایرانی سرحد کے قریب واقعہ اس علاقے میں ہونیوالی فائرنگ کے بعد گوادر کے اسسٹنٹ کمشنر رحمت دستی نے رابطے پر بتایا کہ انہوں نے بھی یہ خبر سنی ہے کہ سرحد پار کرنے کی کوشش کرنیوالے بعض افراد مارے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں جمعرات کو مچھ میں بس پر فائرنگ کے دوران اغوا کئے جانیوالے 2 افراد کی نعشیں مل گئی ہیں۔رات گئے سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مارے جانے والے افراد غیر قانونی طور پر ایران جا رہے تھے اور ان میں پنجاب کے باشندوں کے علاوہ افغان باشندے بھی شامل ہیں، نعشیں گوادر ہسپتال منتقل کی جا رہی ہیں۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے کہا کہ یہ افراد تین گاڑیوں میں سوار تھے۔ فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ سنسر کا علاقہ پاک ایران سرحد کے قریب ہے۔