• news

کل سے انقلاب کا سفر شروع ہو گا، طاہر القادری: الیکشن لڑنے کا ارادہ نہیں، بیٹا

لاہور (آن لائن +خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری لاہور پہنچ گئے ہیں، وہ کل ایک بڑے جلسہ عام میں اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ان کو حج ٹرمینل کے راستے ان کی رہائش گاہ لے جایا گیا۔ طاہر القادری کے صاحبزادے حسین محی الدین کے مطابق مولانا طاہر القادری کا آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کو اصلاحات کی ضرورت ہے، طاہر القادری قومی مفاد میں واپس آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ نظام انتخاب اپنے اندر تبدیلی کے بغیر تبدیلی پیدا نہیں کر سکتا۔ نجی ٹی وی کے مطابق طاہر القادری نے کہا ہے کہ کل کے جلسہ سے انقلاب کا سفر شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اب تک کسی سیاستدان کے ساتھ براہ راست رابطہ نہیں ہوا، ان کا کہنا تھا کہ اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا درست نہیں، ریاست بچانے کے لئے سب کو متحد ہونا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری کینیڈا کی شہریت حاصل کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں الطاف حسین اور طاہر القادری کے درمیان ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ الطاف حسین نے وطن واپسی پر مبارکباد پیش کی۔ الطاف حسین نے کہا کہ وہ ملک میں خلافت راشدہ جیسا انصاف کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں کوئی قانون سے بالاتر نہ ہو۔

ای پیپر-دی نیشن