• news

گوجرانوالہ: دھند کے باعث ٹریفک حادثہ‘ ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 10 جاں بحق

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نواحی علاقہ داتے والی کے قریب تیز رفتاری کے باعث مسافر ویگن، لوڈر ڈالہ اور ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 شدید زخمی ہوگئے جن میں ایک خاتون کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کردیا گیا۔ مرنے والوں میں 6 خواتین، تین مرد اور ایک ڈیڑھ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی علاقہ موکھل سندھواں کے رہائشی ایک ہی خاندان کے افراد اور محلے دار جوکہ قلعہ دیدار سنگھ میں ہونے والی فوتگی کے سلسلے میں ٹیوٹا نمبر آر آئی پی 6920 پر سوار ہو کر جارہے تھے کہ نواحی علاقہ داتے والی کے قریب ان کی ویگن مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار مزدا نمبر ایل ایچ پی 2363 کے ساتھ ٹکراگئی اوراسی دوران پیچھے سے آنے والا لوڈر ڈالا بھی ویگن پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار رشید، صفیہ بی بی، عذرا بی بی، بشریٰ بی بی، ڈرائیور محمد علی اور وقاص موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ تصادم کے بعد قریبی گاﺅں کے افراد بھی جمع ہوگئے جنہوں نے ویگن میں سوار زخمیوں کو نکالا جبکہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے خوفناک حادثہ کے دوران شدید زخمی ہونے والے اصغر، احسان اللہ، سیما بی بی، ڈیڑھ سالہ فرحان، زبیدہ، لبنیٰ، مریم، رحماں، انصر، صابرہ بی بی، اسامہ، سکینہ، فرزانہ اور رضیہ کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا مگر جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سیما بی بی صابرہ بی بی اور فرحان بھی دم توڑ گئے جبکہ حالت غیر ہونے کے باعث مریم کو لاہور ریفر کردیا گیا اور ہسپتال میں حادثے کی اطلاع پاکر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کمشنر گوجرانوالہ عبدالجبار شاہین، ڈی سی او نجم احمد شاہ، پولیس کے اعلیٰ افسران بھی ہسپتال پہنچ گئے جنہوں نے حادثے کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی جبکہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین بھی ہسپتال پہنچے جو ہسپتال میں دھاڑےں مار مار روتے رہے اورکئی خواتین بیہوش بھی ہوگئیں اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ جبکہ ڈی سی او گوجرانوالہ نجم احمد شاہ نے زخمی ہونے والے افراد کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ جا کر فرداً فرداً عیادت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید صلاح الدین اور دیگر اعلی افسران ان کے ہمراہ تھے انہوں نے ایم ایس ڈسٹرکٹ ڈاکٹر محمد انور امان کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری علاج معالجے اور خصوصی طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ قبل ازیں حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی او نجم احمد شاہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور ان کی نگرانی میں زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا۔لاہور سے خبر نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ایمن آباد کے قریب ہونے والے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن