• news

کراچی: اے این پی کے عہدیدار‘ پولیس اہلکار سمیت 6 قتل‘ ہنگامہ آرائی‘ بم برآمد

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) کراچی صدر کے علاقے میں اے این پی کے عہدیدار رمضان کاکڑ کے ساتھی سمیت قتل کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ دیگر واقعات میں پولیس اہلکار سمیت مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے صدر کے علاقے میں ایمپریس مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے بعد کشیدگی پھیل گئی، مشتعل افراد نے 2 موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کر دیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب بوہری بازار میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ واقعے میں اے این پی کا عہدیدار رمضان کاکڑ اور کارکن جاں بحق اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہوائی فائرنگ کر کے کاروبار، دکانیں بند کرا دیں۔ مشتعل افراد نے ہسپتال کے اندر ڈاکٹروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ رینجرز اور مشتعل افراد میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا رینجرز نے فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ اورنگی ٹاﺅن گلشن بہار خضریٰ مسجد کے قریب عبدالرزاق کو قتل کر دیا۔ نوجوان فیضان کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ بعد ازاں وہ دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ گارڈن تھانے کی حدود ولی محمد روڈ آغا خان جمخانہ کے قریب مسلح ملزمان نے 25 سالہ نوجوان کو سرعام سر اور سینے میں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ فریئر تھانے کی حدود پولیس لائن کوارٹر کے باہر گزشتہ شب سی آئی ڈی پولیس اہلکار 28 سالہ نورالامین ولد محمود ڈیوٹی پر جاتے ہوئے شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف ڈاکوﺅں کو پکڑنے کی کوشش میں فائرنگ سے سینے میں گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا تھا جمعہ کے روز دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ادھر منگھوپیر میں سی آئی ڈی نے ٹارگیٹڈ آپریشن کر کے کالعدم تحریک طالبان کے 3 ملزم گرفتار کر لئے۔ ملزمان سے 3 دستی بم، 2 کلاشنکوف، پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ادھر لیاری میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 10 کلوگرام بم کو ناکارہ بنا دیا۔ بم میں سات کلو بارودی مواد نصب تھا۔ 

ای پیپر-دی نیشن