• news

پولیو ٹیموں پر حملوں کیخلاف متحدہ علماءکونسل، اہلحدیث یوتھ فورس کا احتجاج

لاہور(خصوصی نامہ نگار)متحدہ علماءکونسل پاکستان میں شامل تمام مکاتب فکر کے علمائِ کرام نے پولیو کے قطرے پلانے والے رضا کاروں اور خواتین پر دہشتگردانہ حملوں کیخلاف جمعة المبارک کے اجتماعات پر ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، جے یو آئی کے حافظ حسین احمد جے یو پی کے مولانا غلام حسین نعیمی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی، جمعیت اہلسنت کے پروفیسر عبدالکریم طاہر، تحریک ملت جعفریہ کے مظہر حسین نقوی، جماعت اسلامی کے صاحبزادہ سعید الرحمن احمد، ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے پیر سلمان منیر، متحدہ علماءکونسل کے مفتی سید عاشق حسین سمیت علمائِ کرام نے مختلف مساجد کے اجتماعات میں بھرپور احتجاج کیا اور کہا پولیو رضا کاروں پر حملے سراسر اسلام و ملک دشمنوں کی ہی کارستانی ہیں جسکی ہم بھرپور مذمت ا ور ملزموں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سید عبد الخبیر نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی بقا و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے امن و امان کا قیام انتہائی ناگزیر ہے جس کےلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔ علاوہ ازیں اہل حدیث یوتھ فورس اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل کے زیراہتمام لاہور بتی چوک میں پولیو ٹیموں پر حملے کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکر نے بھرپور شرکت کی اور دہشت گردوں کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سے ہیلتھ ورکرز کو مکمل تحفظ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ مظاہرے میں خواتین نے کتبے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کیا۔ حافظ ذاکر الرحمن صدیقی، حافظ فیصل افضل شیخ، عطاءالرحمن حقانی، ڈاکٹر حافظ عاصم حسین، چوہدری مشتاق احمد، ہمایوں نعیم ظفر نورین رضوی و دیگر نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن