”سیاست نہیں ریاست بچاﺅ“ طاہر القادری آج قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے
لاہور (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر طاہر القادری کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ لاہور کو تحریک منہاج القرآن کے جھنڈوں سے سجا دیا گیا، شہر بھر میں ٹرانسپورٹ پر رات بھر سپیکر کے ذریعے ڈاکٹر طاہر القادری کے ماضی میں کئے جانیوالے خطاب شہریوںکو سنائے جا رہے، ملک بھر سے بسوں پر قافلوں کی لاہور آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، ریلوے سٹیشن پر بھی ملک بھر سے کارکنوں کی آمد جاری ہے، شرکاءکی بہت بڑی تعداد گذشتہ روز کی دوپہر ہی مینار پاکستان پہنچ گئی اور تبدیلی کےلئے عوامی استقبال کی سکیورٹی کےلئے 10,000نوجوان تعینات کئے گئے ہیں۔ طاہر القادری آج اپنے خطاب میں قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے۔ منہاج القرآن کے سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض السلام کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ عوام کو مینار پاکستان پہنچنے کےلئے گاڑیاں دستیاب نہیں ہو رہیں کیونکہ اس جلسے کےلئے ٹرانسپورٹ 15روز قبل ہی بک کر لی گئی تھی۔ ڈاکٹر طاہر القادری آج ملکی مسائل کا عملی حل دیں گے ان کی تقریر میں پاکستان کے اداروں اور عوام کےلئے کیا پیغام ہو گا اس حوالے سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام پاکستان بہت بے تاب ہیں۔ طاہر القادری انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں۔ ایک لاکھ شرکاء22 دسمبر کی دوپہر ہی مینار پاکستان پہنچ گئے۔کراچی سے ہزاروں کارکنان پہنچ گئے۔