• news

ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے زرداری ٹولے سے عوام انتخابات میں حساب لیں گے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جبکہ زر بابا چالیس چوروں نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور عوام کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔ جس ملک میں 16، 16 گھنٹے بجلی بند رہے وہ ترقی و خوشحالی کی منزل کس طرح طے کرے گا، ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے زرداری ٹولے سے عوام آئندہ انتخابات میں حساب ضرور لیں گے اور ”کرپشن کے بت“ گرا دیں گے۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شاندار کامیابی سے مخالفین پر سکتہ طاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار جہلم کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ممبر صوبائی اسمبلی چودھری خادم حسین اور جہلم کے مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی انشاءاﷲ پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ اتحاد کی قوت اور عوام کی طاقت سے ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اور محروم معیشت طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائیںگے۔ مختلف اضلاع سے آئے سائلین سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ ناانصافی اور دھونس دھاندلی سے معاشرے ختم ہوجاتے ہیں، انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی سطح پر شہریوں کی شکایات کے ازالے کو یقینی بنایا جاسکے اور انہیں انصاف کے لئے خاک نہ چھاننی پڑے، مظلوم کو انصاف کی فراہمی میرا مشن ہے اور اس مشن کی تکمیل کے لئے کوئی رکاوٹ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ظلم و ستم کے خلاف قانون کو فوری حرکت میں آنا چاہئے، پولیس فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کا دباﺅ قبول نہ کرے اور ظلم کے خلاف آخری حد تک جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تھانہ کلچر میں تبدیلی لانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے رائے ونڈ میں 92 کلو ہیروئن کیس میں ملوث سابق ڈی ایس پی جہانگیر کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے ای بلاک ماڈل ٹاﺅن کوارٹرز کے مکینوں نے ملاقات کی۔ رہائشیوں نے خستہ حال کوارٹروں اور اپنے دیگر مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ای بلاک کوارٹرز کے مکینوں کو کے۔ بلاک ماڈل ٹاﺅن میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کی طرز پر نئے گھر بناکر دئیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن