ساندہ اور سبزہ زار میں جدید اسلحہ کے پارٹس بنانے کا انکشاف
لاہور (اپنے نمائندے سے) ساندہ اور سبزہ زار کے علاقوں میں غیر قانونی طور پر جدید اسلحہ کے پارٹس تیار کر کے علاقہ غیر بھجوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزارت داخلہ کے مراسلے کے بعد پولیس آپریشن کرے گی۔ چند ماہ قبل بھی حساس ادارے کے سینکڑوں اہلکاروں نے سبزہ زار، شبلی ٹا¶ن ٹی نمبر 5 بند روڈ اور گرد و نواح میں واقع فیکٹریوں میں چیکنگ کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ سبزہ زار، ساندہ، بند روڈ، شبلی ٹا¶ن ٹی نمبر 5 بند روڈ اور گرد و نواح میں واقع فیکٹریوں میں مختلف ڈائیوں کے ذریعے پستول، کلاشنکوف سے لے کر جی تھری رائفل تک استعمال ہونے والا ”مولڈنگ“ سپیئر پارٹس تیار کیا جاتا ہے۔ یہ فیکٹری مالکان یبلال گنج سے ڈائیاں بنواتے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پارٹس تیار کر کے لاری اڈا کے علاقے میں ایک گھر پر پہنچائے جاتے ہیں جہاں سے پٹھان گروپ بوریاں بھر کر پشاور لے جاتے ہیں اور یہی گروپ جدید سے جدید اسلحہ غیر قانونی طریقے سے لاہور لا کر فروخت بھی کرتے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چند ماہ قبل ہونے والے آپریشن میں فیکٹری مالکان اور اس مافیا کی طاقت کا اندازہ اس بات سے ہوا کہ آپریشن سے قبل ہی مالکان نے ”مولڈنگ“ ڈائیاں فیکٹریوں سے غائب کر دیں۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ پولیس ان فیکٹری مالکان کے اس غیر قانونی دھندے سے باقاعدہ حصہ لیتی ہے اور یہ فیکٹری مالکان پولیس کو بھی جدید اسلحہ غیر قانونی طور پر منگوا کر دیتے ہیں۔ اس بارے میں سی سی پی او اسلم ترین نے بتایا کہ چند ماہ قبل بھی چیکنگ ہوئی تھی وقتاً فوقتاً چیکنگ کرتے رہتے ہیں۔