موجودہ حکمرانوں سے تنگ عوام تبدیلی چاہتے ہیں: عمران خان
کراچی (نوائے وقت نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کوئی تبدیلی نہیں چاہتیں۔ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر کا دورہ کرونگا۔ ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی کا خاموش اتحاد ہے۔ 67 فیصد ارکان پارلیمنٹ ٹیکس نہیں دیتے۔ کرپٹ حکمرانوں کے پیسے ملک سے باہر پڑے ہیں۔ تحریک انصاف کیخلاف انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں اس سے تحریک انصاف کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ دونوں بڑی پارٹیاں کرپشن میں ملوث ہیں۔ ظلم کی سیاست ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پاکستان کے عوام کا جنون جیتے گا، جنون ہمیشہ پیسے کو شکست دیتا ہے۔ جو لوگ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں انکی فائل کھول دی جاتی ہے۔ پولیس اور ایف بی آر سے غلط کام لیا جا رہا ہے۔ انتقامی کارروائی کرنیوالے کسی شخص کو نہیں چھوڑینگے۔ لوگ موجودہ حکمرانوں سے تنگ ہیں، وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ دونوں جماعتیں کی وکٹیں گرا دینگے۔ آصف زرداری نے سب کو خرید لیا ہے۔ پیسے سے الیکشن نہیں خریدا جاتا۔ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ طاہر القادری کی بات درست ہے کہ بندربانٹ ہورہی ہے۔ جہانگیر ترین اور مخدوم احمد محمود میں اختلاف ہے۔ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف میں نظریاتی کارکن رہیں۔