موجودہ حالات میں انتخابات کرانا چیلنج سے کم نہیں،الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے:کائرہ
اسلام آباد(اے پی اے )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے بشیر بلور کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، عوام اس انتہا پسندانہ سوچ رکھنے والوں کو مسترد کردیں۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ان کا عزم غیر متزلزل تھا۔ ہم سب کو متحد ہوکر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔ حکومت نے طالبان سے کہا آئیں پاکستان میں رہتے ہوئے ہتھیار پھینک دیں، ہم نے تمام تر اعتراضات کے باوجود ان کے مطالبات بھی تسلیم کئے لیکن اب ہمیں اس سوچ کو شکست دینا ہے۔ جو جماعتیں اس مائنڈ سیٹ کی حامی ہیں انہیں فیصلہ کرنا ہوگا وہ ہمارے ساتھ ہیں یا ان کے ساتھ۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سب کو ملکر ریاستی امور میں مداخلت کرنے والے انتہا پسندوں کا کھل کر مقابلہ کرنا چاہیے ¾بعض مذہبی اور سیاسی جماعتیں ووٹ کے حصول کیلئے طالبان کے موقف کی حمایت کرتی ہیں، ہمیں دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اجتماعی سوچ کے ذریعے مشترکہ ایجنڈ اختیار کرنا چاہیے ¾ ملک میں جس حصے میں بھی ضرورت پڑی دہشتگردوں کےخلاف آپریشن کریں گے ¾انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیںگے ¾انتخابات نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کیلئے ایک چیلنج ہوں گے۔انہوں نے کہا موجودہ حالات میں انتخابات کرانا چیلنج سے کم نہیں‘الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے ہم غم کی اس گھڑی میں اے این پی کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ تحریک طالبان کے ترجمان کے صحافیوں سے رابطے کے بارے میں انہوں نے کہا حکومت کسی صحافی کے خلاف کارروائی کرتی ہے تو الزام لگایا جاتا ہے حکومت میڈیا کا گلا دبانا چاہتی ہے، میڈیا کو اپنا احتساب خودکرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا 2008 ءمیں بھی جب انتخابات ہوئے اس وقت بھی دہشت گردی ہو رہی تھی۔ انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہوں گے حالانکہ یہ عناصر حالات خراب کرکے انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں۔