• news

غیرملکی این جی اوز کے تعلیمی ادارے فساد پھیلا رہے ہیں: حافظ سعید

پتوکی (نامہ نگار)امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ منظم سازشوں اور منصو بہ بندی کے تحت قرآنی آیات اور سیرت رسولﷺ کو تعلیمی اداروں کے نصاب سے نکالا جارہا ہے۔ نوجوان نسل کو دین اسلام سے برگشتہ کرنے کیلئے فحاشی و عریانی پھیلانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ معاشرے کی صحیح اصلاح کیلئے دینی تعلیم کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الدعوة سکول اینڈ سائنس کالج پتوکی میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الدعوة سکول اینڈ سائنس کالج میں 65طالبات نے بخاری شریف جبکہ 35طالبات نے حدیث کی کتاب بلوغ المرام پڑھی اسی طرح جامعة الدعوة الاسلامیہ پتوکی میں 13طلباءنے اس سال حفظ قرآن مکمل کیا۔ تقریب سے پروفیسر حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جتنا کام حدیث پر کیا گیا اتنا کسی اور علم پر نہیں کیا گیا۔ دین کا کام کرنے کیلئے اخلاص اور تقویٰ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جب فساد ہو گا تو کچھ لوگ اصلاح کا کام کریں گے اور اصلاح کیلئے ہمیں دین سے ہی رہنمائی لینی پڑتی ہے۔ غیر ملکی این جی اوز کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی ادارے معاشرے میں فساد پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔ ہمیں ان کے مقابلے میں اصلاح کا کام کرنا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ الدعوة سائنس کالج میں ایف ایس سی کی طالبات کا بخاری شریف ختم کرنا ایک روشن مثال ہے۔ اسی طرز پر تعلیمی ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے جہاں سائنس کے ساتھ دین بھی ہو اور معاشروں کی اصلاح بھی ہو۔ انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة کتاب و سنت پر مبنی تعلیمی ادارے چلا رہی ہے جہاں دنیا کی ڈگریوں کی کوئی حیثیت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن