روسی صدر آج نئی دہلی پہنچیں گے دفاعی معاہدے پر دستخط کا امکان
ماسکو (آن لائن) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن ہتھیاروں کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے علاوہ دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیلئے آج پیر کو بھارت کے دورے پر نئی دہلی پہنچیں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے صدارتی آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر پیوٹن بھارت کے دورے پر آج نئی دہلی پہنچیں گے۔ اپنے اس دورے کے موقع پر صدر پیوٹن بھارتی حکام کیساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ہتھیاروں کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے علاوہ سٹریٹجک پارٹنرشپ کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ صدر پیوٹن وزیراعظم من موہن سنگھ کیساتھ ون آن ون ملاقات کریں گے اور اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں بھارت نے روس کے ساتھ ایک اور دفاعی معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور امکان ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پیوٹن کے دورہ بھارت کے دوران اس معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے جس کے تحت بھارت روس سے 42 مزید سوخوئی 30 ایم کے آئی جنگی طیارے اور59 ایم آئی 17 وی ایس ہیلی کاپٹر خریدے گا ۔اس معاہدے پر عملدرآمد کے بعد روس بھارت کو اسلحہ فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائیگا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ روسی صدر کے آج سے شروع ہونے والے دورے کے دوران اس معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے۔