• news

دفاعی پالیسی تبدیل ‘ بھارت کا پاکستان اور چین کیساتھ سرحدوں پر فوج بڑھانے کا فیصلہ

 نئی دہلی/ سرینگر (آن لائن) بھارت نے اپنی دفاعی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے چین اور پاکستان کیساتھ ملحقہ سرحد پر فوجی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے ایک مقامی اخبار کے مطابق بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کئی سطح پر کام ہورہا ہے اور اس کیلئے پہلے ہی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اس وقت اگرچہ ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے بالکل تیار ہے لیکن پھر بھی افغانستان اور ہمسایہ ممالک میں پیچیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایسے تمام اقدامات اٹھانا ناگزیر ہو گیا ہے جس سے بھارت کی سالمیت اور انفرادیت کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے پہلے ہی ایک منصوبہ مرتب کیا گیا ہے اور اس پر وزارت دفاع سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت دفاعی پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے پاکستان، چین سرحدوں پر اپنی افواج کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن