• news

بشیر بلور ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک‘ پشاور کوئٹہ میں ہڑتال

پشاور(بیورورپورٹ) خودکش بم دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے صوبہ خیبر پی کے کے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کو ہزاروں افراد کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ کوہاٹ روڈ پر واقع سید حسن پیر بادشاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ بشیر بلور کی نماز جنازہ2 بجے بعد دوپہر پشاور چھاﺅنی کے کرنل شیر خان سٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماﺅں کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں اے این پی کے کارکنوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے تھے بشیر بلور کی میت ان کے بڑے بھائی وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور کے گھر واقع مال روڈ سے ایمبولینس کے ذریعے کرنل شیر خان سٹیڈیم لائی گئی حاجی غلام احمد بلور کے گھر سے بشیر بلور کی میت اُٹھاتے ہی اے این پی کے کارکن دھاڑیں مار مارکر رونے لگے، زندہ ہے بلور، زندہ ہے بلور کے نعرے لگاتے رہے، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے بشیر احمد بلور کی میت کو سلامی پیش کی۔ میت کو قومی پرچم اور عوامی نیشنل پارٹی کے جھنڈا میں لپیٹا گیا تھا اس موقع پر اے این پی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں نماز جنازہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے سر براہ اسفندیار ولی خان، وزیر اعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی، گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر، (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور جنرل سیکرٹری سید مشاہد حسین، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) خیبر پی کے کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ، اے این پی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید، وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حاجی غلام علی، خیبر پی کے اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی، سینیٹر باز محمد، عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر اعظم خان ہوتی، سپیکر خیبر پی کے اسمبلی کرامت اللہ خان، پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر صوبائی وزیر رحیم داد خان، متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے ارکان گلفراز خٹک، طاہر کوکرا و دیگر وفاقی وصوبائی وزرائ، ارکان صوبائی اور قومی اسمبلی کے علاوہ کثیر تعداد میں اے این پی کے کارکنوں اور شہریوں نے شرکت کی گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر نے صدر آصف علی زردار ی جبکہ وزیر داخلہ رحمان ملک نے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی طرف سے بشیر احمد بلور کی میت پر پھولوں کی چادر چڑھائیں۔ بشیر احمد بلور کی میت کو ان کے بڑے بھائی حاجی غلام احمد بلور کے گھر سے اٹھانے سے کچھ دیر قبل پشاور شہر کے بیشتر سڑکوں کو سیل کردیا گیا تھا نماز جنازہ کے لئے کرنل شیر خان سٹیڈیم میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے پاک فوج، ایف سی، پولیس اور کمانڈوز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی سٹیڈیم کے دروازوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے تھے سٹیڈیم کے دو گیٹ میں سے لنڈی کوتل گیٹ کو اہم شخصیات جبکہ رزمک گیٹ کو عام لوگوں کے داخلہ کے لئے مختص کیا گیا تھا جہاں پولیس اور اے این پی کے کارکنوں کی جانب سے تلاشی لینے کے بعد لوگوں کو سٹیڈیم میں جانے دیا گیا۔ بشیر احمد بلور کی شہادت پر دوسرے روز بھی فضا سوگوار رہی چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا ، سرکاری پرچم سرنگوں رہا، نماز جنازہ کیلئے سٹیڈیم میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے، پاک فوج، ایف سی، پولیس اور کمانڈوز تعینات کئے گئے تھے جبکہ سٹیڈیم کے دروازوں پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں، پشاور میں خیبر پی کے اسمبلی، تاریخی قلعہ بالا حصار، جناح پارک اور عجائب گھر سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے واقعہ پر کوئٹہ سمیت صوبے کے کئی شہروں میں اے این پی کے رہنما بشیر بلور پر خود کش حملے کے خلاف شٹر ڈاﺅن ہڑتال کی گئی اس موقع پر جناح روڈ ، لیاقت بازار ، باچاخان چوک ، عبدالستار روڈ ، مسجد روڈ ، شاہراہ اقبال اور دیگر علاقوں میں تمام تجارتی مراکز مکمل طور پر بند رہے۔ اے این پی کے کارکنوں کا کہناہے کہ اپنے لیڈرکی شہادت پر پرامن ہڑتال کر رہے ہیں۔کوئٹہ کے علاوہ لورالائی، ہرنائی، زیارت، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور دیگر علاقوں میں بھی بازار بند رہے۔ ہڑتال کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ نے اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پولیس ، بلوچستان کانسٹیبلری اور ایف سی کی نفری تعینات کی۔ دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی۔ ایف آئی آر چھ دفعات 302,324,427,353,780A اور3\4 کے تحت درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ڈھکی نعلبندی اور قصہ خوانی میں عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے ہیں۔ وزیر اعظم راجہ پر وزاشرف نے ہفتہ کی شام گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثرسے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور وفاقی وزیر حاجی غلام احمد بلور سے ملاقات کرکے ان کی جانب تعزیت کا اظہار کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دریں اثنا گورنر پشاور کینٹ میں وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور کے رہائشگاہ پر گئے جہاں انہوں نے اپنی اور صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی جانب سے بشیر احمد بلور کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ گورنر کچھ دیر تک حاجی غلام احمد بلور اورغمزدہ خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ رہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کر تے ہو ئے گورنر نے فاٹا کے عوام کی جانب سے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صوبہ خیبر پی کے کے وزیر خزانہ انجینئر محمد ہمایون خان نے خودکش بم دھماکے میں سینئر صوبائی وزیر بشیر احمد بلور کی شہادت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکی شہادت ایک المناک قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ بشیر احمد بلور سمیت 9افراد کے جاں بحق ہونے پر اتوار کے روز شہر کی فضا مکمل سوگوار رہی جبکہ شہر کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں و بازار بند رہیں۔ ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے لاہور سے ان کے صاحبزادے عثمان بلور کو ٹیلیفون کیا اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ چودھری شجاعت حسین، مشاہد حسین سید نے غلام احمد بلور، سنیٹر الیاس بلور، عزیز بلور کے علاوہ صاحبزادوں سے تعزیت کی۔ دونوں رہنماﺅں نے اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی، وزیراعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی اور پارٹی کے دیگر رہنماﺅں کے ساتھ تعزیت کی۔ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناءاللہ نے سینئر وزیر بشیر احمد بلور کے جلسے میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے کے نتیجے میں بشیر احمد بلور اور دیگر افراد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد بلور کی جمہوریت کے لئے دی گئی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بانکی مون نے خودکش حملے اور اس میں سینئر وزیر خیبر پی کے بشیر احمد بلور اور دیگر 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اس خود کش حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں بانکی مون نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں حکومت اور پاکستانی عوام کا ساتھ دینے کا اعادہ کیا ہے اور اقوام متحدہ کی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ڈھکی منور شاہ خود کش حملے میں زخمی ہونےوالے10 افراد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورکی انتظامیہ کے مطابق زیر علاج 10 زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک زخمی نے میڈیا کو بتایا کہ جلسے میں وزراءکی شرکت کے باوجود سیکیورٹی انتظامات غیر تسلی بخش تھے۔امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بشیر احمد بلور کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر صوبائی وزیر کی وفات پر گہرا دکھ ہوا۔ ہم ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ بشیر بلور نے دہشت گردی اور ڈر کی سیاست کیخلاف آواز بلند کی۔ وہ بہادر انسان تھے۔ مرحوم بشیر احمد بلور کے نظرئیے کو جاری رہنا چاہئے۔ دریں اثناءضلع ہرنائی کی دونوں تحصیلوں شاپرگ اور ہرنائی میں مکمل شٹرڈاﺅن ہڑتال رہی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابقکوئٹہ سمیت ہرنائی قلعہ سیف اللہ لورالائی اور صوبے کے دیگر شہروں میں مکمل پُرامن شٹرڈاﺅن ہڑتال رہی۔ اے این پی ضلع کوئٹہ کے زیراہتمام باچا خان مرکز میں شہید بشیر احمد بلور اور رمضان کاکڑ شہید دیگر شہداءکیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا تعزیتی ریفرنس سے اے این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید ناصر صوبائی سیکرٹری اطلاعات نیک محمد کاکڑ پشتون ایس ایف کے صوبائی جنرل سیکرٹری عتیق کاکڑ اور حاجی عبدالسلام کاکڑ حاجی نے خطاب کیا اس کیساتھ ژوب میں بھی عبدالستارکاکڑ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ خودکش بم دھماکہ میں جاں بحق ہو نے والے ایس ایچ او عبدالستار خٹک کی نماز جنازہ پشاور پولیس لائن میں اداکی گئی جس میں گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر اور وزیر اعلی امیر حیدر خان ہو تی ،صو بائی وزیر افزائش حیوانات ہدایت اللہ خان، انسپکٹر جنرل پو لیس خیبرپی کے اکبر خان ہو تی اور بڑی تعداد میں پو لیس افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔بشیر احمد بلور کے پرسنل اسسٹنٹ نور محمد اور چیف سینٹری انسپکٹر ٹاﺅن ون متین لالہ کی نماز جنازہ بھی پشاورکے مختلف علاقوں میں ادا کی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن