• news

الیکشن میں تاخیر کی باتیں کرنے والے اس سے بھاگنے کی راہ اختیار کر رہے ہیں : وزیراعظم

سرگودھا (نامہ نگار+ آن لائن) وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے دہشتگردی کے خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، موجودہ حکومت دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچائے گی، پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے جو لوگ الیکشن میں تاخیر کی باتیں کررہے ہیں دراصل وہ الیکشن سے بھاگنے کی راہ اختیار کررہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی اپنے پانچ سالہ سنہری دور کی بنیاد پر عوام میں جائے گی اور انشاءاللہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ایک مرتبہ پھر عوامی قوت کے ساتھ برسراقتدار آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے گزشتہ روز سرگودھا کے نجی دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے دہشتگردی کی جنگ میں جو قربانیاں دی ہیں اقوام عالم بھی اس بات کو تسلیم کرتی ہےں، دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے، کچھ سیاسی لوگ قیاس آرائیاں پیدا کررہے ہیں کہ انتخابات مقررہ وقت پر نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا وہ لوگ سن لیں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے۔ عام انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے آزاد الیکشن کمشن کا تقرر کر دیا گیا۔ جو تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نجی دورے پر اپنے ماموں کی وفات پر سرگودھا انکی رہائشگاہ 115 جنوبی پہنچے تھے۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے ہمراہ سکیورٹی اہلکار بھی ایک الگ ہیلی کاپٹر پر پہنچے، وزیراعظم کے لئے بنائے جانیوالے ہیلی پیڈ پر سکیورٹی اداروں کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضا سے پانچ منٹ تک جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو ہیلی پیڈ پر اتارا گیا۔ نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نے شاہین آباد روڈ کی تعمیر کیلئے پانچ کروڑروپے کے فنڈز جاری کر دیئے، ضلع کچہری اوور ہیڈ برج کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔ دورے کے دوران پی پی پی کے ممبر صوبائی اسمبلی چودھری اعجاز احمد کاہلوں، تسنیم احمد قریشی ¾چوہدری انور علی چیمہ اور رانا منور غوث نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس دوران چودھری اعجاز احمد کاہلوں نے وزیراعظم کو شاہین آباد روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کا بتایا اور اس سلسلہ میں فنڈز جاری کرنے کی سفارش کی اس دوران انہوںنے شہر میں بننے والے اوور ہیڈ برج کے رکے فنڈز جاری کرنے کی بھی سفارش کی تھی ۔ اس دورا ن علاقے کے لوگوں نے وزیراعظم کو 115جنوبی میں سوئی گیس اور سڑکوں کی تعمیر کے کام کرانے کی سفارش کی تو انہوںنے اس کی بھرپور یقین دہانی کرا دی۔

ای پیپر-دی نیشن