انتخابات ملتوی نہیں ہونا چاہئیں ‘ ایسا ہوا تو تباہی آئے گی : عمران خان
کھپرو/سکھر/حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، ایسا ہوا تو ملک میں تباہی آئے گی، دورہ سندھ کے دوسرے مرحلہ میں میر پور خاص، سانگھڑ، کھپرو میں عوامی اجتماعات، حیدر آباد میں طلبہ کنونشن اور ایاز لطیف پلیجو کیساتھ پریس کانفرنس اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے بچانے کا واحد راستہ الیکشن ہیں، بڑے ناموں کی ضرورت نہیں ہم نوجوانوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا سیاسی پارٹیوں کے بازیگر بولڈ ہونے والے ہیں نوازشریف اور پی پی کو سونامی بہا لے جائے گا ملک میں انقلاب قریب ہے، ہم انتخابی تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں ہماری پارٹی کا ایجنڈا ٹیکس چوروں کو پکڑنا اور انصاف کی فراہمی ہے۔ طاہر القادری کو کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں انہوں نے ہمارے ایجنڈے کی حمایت کی ان سے اتحاد سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا علامہ طاہر القادری نے اپنے خطاب میں پاکستان تحریک انصاف کے قومی معاملات پر مﺅقف کی تائید کی ہے اور کئی معاملات پر تحریک انصاف کے ویژن کو دوہرایا ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف سمجھتی ہے انتخابات ہی کرپٹ حکمرانوں کو شکست دینے کا واحد ذریعہ ہیں۔ کھپرو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آئندہ سال ملک میں تبدیلی کا سال ہوگا تحریک انصاف ملک میں انقلاب لا کر بڑے بڑے لٹیروں اور مگرمچھوں سے غریب عوام کو نجات دلائے گی، وقت آگیا ہے نوجوان اپنی تقدیر بدلنے کے لئے میرا ساتھ دیں، ظالم کے سامنے سر نہ جھکائیں اور خوف کی زنجیریں توڑ دیں، نوازشریف اور زرداری کے درمیان نورا کشتی جاری ہے، عوام نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ ٹنڈوالہ یار میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم موجودہ نظام کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگے ہمیں اقتدار سے زیادہ عوام کے مسائل کا خیال ہے پاکستان کی تبدیلی کے لئے عوام کو ایک فارم پرکھڑے ہو کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ حیدر آباد میں طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آنے والے دنوں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور فیصلہ کن معرکہ ہوگا جس کے لئے نوجوان خود کو تیار رکھیں، الیکشن خریدنے کے لئے چوری کا پیسہ چل رہا ہے۔ ملک کی آمدنی 17 سو ارب جکبہ خرچہ 33 سو ارب روپے ہے، کارکن آگ کی طرح پھیل جائیں اور پھر یہ سونامی پشاور سے شروع ہو کر کراچی تک پہنچے گی۔ حیدر آباد میں ایاز لطیف پلیجو کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پنجاب کا نیا گورنر ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مل کر نامزد کیا۔ حکمرانوں نے جو پیسہ کرپشن سے کمایا وہ انتخابات میں خرچ کرینگے۔ حکومت اور اپوزیشن نے 5 سال تک مک مکا کیا۔ نگران حکومت ایسی ہو جس پر سب متفق ہوں۔ سپریم کورٹ نے ہماری درخواست پر بوگس ووٹ نکالے۔ انہوں نے کہا ہمارے خلاف ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں متفق ہو چکی ہیں۔ کالا باغ ڈیم چاروں صوبوں کے اتفاق رائے تک نہیں بنایا جاسکتا۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا امید ہے عمران خان ملک میں تبدیلی لائینگے۔ عمران خان ہی ملک میں تبدیلی کی آخری کرن ہیں۔