• news

انتہا پسندوں کے عزائم ناکام بنانا ہوں گے‘ پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی سازشیں ہو رہی ہیں: شہباز شریف

لاہور( خبرنگار ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، باہمی اتفاق اور مشترکہ سوچ اپنا کر بحرانوں سے نمٹا جا سکتا ہے، انتہاپسندی ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے، تعلیم عام کرکے انتہاپسندوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گے، دنیا میں انہی قوموں نے ترقی کی جنہوں نے اپنے وسائل تعلیم پر صرف کئے ہیں، نئی نسل کو جدید علوم سے آراستہ کر رہے ہیں، دانش سکول پسماندہ اور دوردراز علاقو ںمیں قائم کئے گئے ہیں، علم و دانش کے ےہ گہوارے ان علاقوں کی تقدیر بدل دیں گے۔ انتہا پسند عناصر ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کر رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان بھارت دیگر تنازعات بامقصد مذاکرات کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات اور ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں کامیاب ارکان اسمبلی، مسلم لیگ ن کے عہدیداروں، کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر کشمیری رہنما عبدالغنی بھٹ نے بھی ان سے ملاقات کی۔ پارٹی عہدیداروں، کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہا ہے ملک کو اندرونی و بیرونی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ باہمی اتفاق اور مشترکہ سوچ اپنا کر بحرانوں سے نمٹا جا سکتا ہے اور جدید اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی ملک کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔ انتہاپسندی کے ناسور نے معاشرے میں پنجے گاڑ لئے ہیں اور اس ناسور کا خاتمہ نہ صرف وقت کی اولین ضرورت ہے بلکہ اس حوالے سے ایک انتہائی مربوط اور موثر قومی حکمت عملی اختیار کی جانی چاہئیے تاکہ ملک و قوم کو انتہاپسندی سے نجات مل سکے اور ملک ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکے۔ وزیراعلیٰ سے ملنے والوں میں ارکان اسمبلی ملک حنیف اعوان، چوہدری زاہد اقبال، حنیف جٹ شامل تھے جبکہ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف، مسلم لیگی رہنما چوہدری جعفر اقبال اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا تعلیم ہی واحد راستہ ہے جس پر چل کر انتہاپسندی و دہشت گردی کے رحجانات کو موثر انداز میں روکا جا سکتا ہے۔ دنیا میں انہی قوموں اور معاشروں نے ترقی کی ہے جنہوں نے اپنے وسائل تعلیم پر صرف کئے ہیں۔ تعلیم کو فروغ دے کر ہم اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں، ملک کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لا سکتے ہیں اور انتہاپسندی سے نمٹ سکتے ہیں۔ معیاری اور اعلیٰ تعلیم کا حصول ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب حکومت تعلیمی شعبہ میں اربوں روپے کی سرماےہ کاری کر کے ےہ حق ان تک پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا دانش سکول پسماندہ اور دور دراز علاقو ںمیں قائم کئے گئے ہیں۔ علم و دانش کے ےہ گہوارے نہ صرف ان علاقوں کی تقدیر بدل دیں گے بلکہ انتہاپسندی کے رجحانات کے سدباب میں ممدومعاون بھی ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے سائنسی علوم کا فروع بے حد ضروری ہے اسی مقصد کے پیش نظر صوبے کے تعلیمی اداروں میں آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہےں اور ہونہار طلبا و طالبات میں میرٹ کی بنیاد پر جدید لیپ ٹاپ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں دوسرے صوبوں کے طالبعلموں کو بھی شامل کیا جاتا ہے جس سے قومی یکجہتی کا عمل مستحکم ہو رہاہے اور قومی وحدت فروغ پا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں کو ہدایت کی وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ کشمیری رہنما عبدالغنی بھٹ سےملاقات میں مسئلہ کشمیر، باہمی دلچسپی کے امور اور انتہاپسندی کے خاتمے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا واضح موقف ہے مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔ ہم کشمیری عوام کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان بھارت دیگر تنازعات بامقصد اور قابل عمل مذاکرات کے ذریعے حل ہوسکتے ہیں کیونکہ جنگیں مسائل کا حل نہیں بلکہ مسائل میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ پاکستان اور بھارت نے جنگیں لڑ کر دیکھ لیا ہے جن سے تباہی، بربادی ، افلاس اور معاشی بدحالی میں اضافے کے سوا کچھ حاصل نہیںہوا۔ اب دونوں ملکوں کو مل بیٹھ کر باہمی تنازعات کا حل ڈھونڈنا ہے اور امن کے راستے پر چلتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر اور دیگر تنازعات حل ہونے سے خطے میں ترقی و خوشحالی آئے گی، وسائل تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی پرصرف کرکے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور ایسی قوتوں کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے جو مسئلہ کشمیر کی آڑ میں پاکستان بھارت تعلقات خراب کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا اس بات میں کوئی شک نہیں پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی پاکستان نے دی ہیں۔ انتہاپسند عناصر ملک میں انارکی پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ باہمی اتحاد و اتفاق سے انتہاپسندوں کے مذموم عزائم ناکام بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا بشیر احمد بلور کی جمہوریت کے استحکام اور انتہاپسندی کے خاتمے کے حوالے سے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی جان دے دی لیکن وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت بشیر احمد بلور کی شہادت پر آج یوم سوگ منا رہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما عبدالغنی بھٹ نے کہا خیبر پی کے کے سینئر وزیربشیر احمد بلور کی شہادت انتہائی افسوسناک واقعہ ہے جس پر دلی دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں اور ہم کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے شکرگزار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن