مصر کا نیا دستور روشن مستقبل کا ضامن ہوگا: جماعت اسلامی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سید منور حسن ، نائب امیر پروفیسر خورشید احمد، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور امور خارجہ کے ڈائریکٹر عبدالغفار عزیز نے مصر کے صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو نئے جمہوری دستور پر مصری عوام بھاری اکثریت سے اظہار اعتماد پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مصر میں حسنی مبارک کی باقیات اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوچکی ہیں ۔ مصر کا نیا دستور عوامی امنگوں کا ترجمان اور ملک کے روشن مستقبل کا ضامن ہوگا۔ انہوں نے ریفرنڈم میں مصری عوام کی بھرپور شرکت کو منتخب قیادت پر مکمل اعتماد کا واضح اظہار قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں جماعت کی قیادت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مصر کی منتخب اسلامی قیادت نے تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو حکمت اور عزم کے ساتھ ناکام بنا دیا ہے۔ مبارکباد کے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حقیقی جمہوری مصر پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔