پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کو غیر آئینی قرار دینا حقائق کے منافی ہے: پی او اے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب اولپمک ایسوسی ایشن کی باڈی کو باقاعدہ انتحاب کے ذریعے منتحب کیا گیا ہے اور یہ باڈی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے تسلیم شدہ ہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا بیان ردعمل کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن غیر آیئنی ہے حقائق کے منافی ہے۔ ترجمان پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کسی فرد یا تنظیم کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ایک منتحب باڈی کو غیر آئینی قرار دے۔ حکومت پنجاب میں شامل کچھ عناصر اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کے لئے کھیلوں کے دو اداروں میں جھگڑا کرانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ نیشنل گیمز کی اپنی شناحت ہے اور یہ میگا ایونٹ کسی دوسرے کھیلوں کا حصہ نہیں بن سکتی، نیشنل گیمز میں پورے ملک سے کھیلوں کی تنظیمیں اور کھیلوں سے وابستہ افراد حصہ لے رہے ہیں جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اسکی تمام صوبے حمایت کر رہے ہیں۔ترجمان نے مذید کہا کہ یہ بات بھی سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک طرف تو اس ایونٹ کے انعقاد کی مخالفت کی جارہی ہے اور دوسری جانب جنوری میں پنجاب سپورٹس بورڈ کی زیر نگرانی اس کے انعقاد پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی جارہی ہے جو کھلا تضاد ہے۔ بہرحال پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے تمام مسائل پر قابو پالیا ہے اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد سے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا مقصد سیاست سے دور رہ کر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے اور یہ کام پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن بخوبی انجا م دے رہی ہے ۔