کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کیلئے حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے: سربراہ بنگلہ دیشی بورڈ
ڈھاکہ/لاہور (نیوز ایجنسیاں) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے کہا ہے کہ انھوں نے کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین چوہدری ذکاءاشرف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم آئندہ ماہ ضرور آئےگی ¾ امید ہے اس بار کوئی رکاوٹ سامنے نہیں آئےگی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ناظم الحسن نے ایک انٹرویو میں کہاکہ پاکستان نے انھیں بارہ جنوری کی تاریخ دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ کرکٹ کے عالمی نگراں ادارے آئی سی سی سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ کرنے کےلئے کہیں گے اور آئی سی سی کا فیصلہ آتے ہی ہم اس دورے کی تصدیق کر سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم کھیلنے کےلئے پاکستان جانا چاہتے ہیں۔ اگر کوئی سکیورٹی کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو مجھے یقین ہے پاکستان بھی اس بارے میں سوچے گا تاہم میرے خیال میں ایسا کچھ نہیں ہوگا جس کی وجہ سے یہ دورہ ملتوی کرنا پڑے۔اس سے قبل بنگلہ دیشی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم بارہ اور تیرہ جنوری کو لاہور میں ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلیں گی۔ اپریل میں بھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی تھی تاہم ڈھاکہ ہائی کورٹ نے اس دورے کو منسوخ کر دیا تھا۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی امید ہے اس بار دورے کی راہ میں کوئی رکاوٹ سامنے نہیں آئے گی، ہم بنگلہ دیشی بورڈ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور انہوں نے دور ے کی تاریخوں سے بھی ہمیں آگاہ کردیا ہے، امید ہے کہ اس بار بنگلہ دیشی حکام وعدے کے مطابق اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے۔