• news

بنگلور سٹیڈیم میں سیکورٹی ہائی الرٹ‘ 5 ہزار اہلکار تعینات

بنگلور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور بھارت سیریز کے پہلے میچ کےلئے بنگلور سٹیڈیم میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلور پولیس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے وینیو چنا سوامی سٹیڈیم کے گرد سخت سکیورٹی حصار قائم کر دیا، پولیس اہلکار گراﺅنڈ کے اندر اور باہر جاسوس کتوں کو ساتھ لئے مسلسل گشت کرنے میں مصروف ہیں، گراﺅنڈ کے اندر باہر، کھلاڑیوں کے ہوٹل اور آمدورفت کےلئے مختص راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر کے مطابق وینیو کے اردگرد کوئی بھی مظاہرہ نہیں کرنے دیا جائے گا، تاہم دونوں ٹیموں کی حفاظت کےلئے 5000 سکیورٹی اہلکاروں کا تقرر کیا گیا ہے، ان میں 4 ڈی ایس پی، 27 اے ایس پی، 270 سب انسپکٹر، 1700 ہیڈ کانسٹیبل اور 240 اے ایس آئیز مختلف مقامات پر ڈیوٹی پر مامور کئے گئے ہیں۔ میچ کے روز سٹیڈیم کے اردگرد 13 مقامات پر گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں جبکہ صبح 11 بجے سے رات 12 بجے تک عام ٹریفک کی آمدورفت پر بھی پابندی ہو گی۔ پولیس کمشنر جیوتی پرکاش کا کہنا ہے کہ ہم نے سٹیڈیم کے اردگرد ایریا کو مکمل طور پر سیاسی سرگرمیوں کیلئے ممنوعہ قرار دے دیا، تاہم گراﺅنڈ سے دور مظاہرہ کرنے کی اجازت ہوگی، دونوں حکومتوں کی جانب سے باہمی کرکٹ کے آغاز پر اتفاق کے بعد اب کسی انفرادی شخص یا تنظیم کو اس میں رخنہ ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 2 ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل ایم چنا سوامی سٹیڈیم بنگلور میں کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی شاہین محمد حفیط کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض مہندرا سنگھ دھونی انجام دیں گے۔ ایم چنا سوامی سٹیڈیم میں بھارت اور پاکستان کے درمیان منعقد ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے مقابلے کے لئے کرناٹک کرکٹ ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں اور شائقین کو سلامتی سے سخت انتظامات کا یقین دلایا ہے۔ شہر کے پولیس کمشنر جیوتی میر جی نے اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ میچ کے دوران سنٹرل آرمڈ ریزرو (سی اے آر) کے 10 دستے، کرناٹک سٹیٹ ریزور پولیس (کے ایس آر پی) کے 12 دستے اور تقریباً اڑھائی ہزار پولیس اہلکار سٹیڈیم کے اطراف میں تعینات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کرسمس کے دن منعقد ہونے والی ٹی ٹونٹی میچ کے لئے سلامتی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، میچ کے دوران ہر کارروائی پر نظر رکھنے کے لئے کئی اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ شری رام سینا کے ذریعے میچ کو روکنے کے لئے احتجاجی مظاہرے کی اجازت نہیں دی ہے اور نہ ہی اس طرح کے مظاہرے کئے جائیں گے، حکم کی خلاف ورزی کرنے والے کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں ٹاس اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ جس ٹیم نے ٹاس جیت لیا، اس کو مخالف پر نفسیاتی برتری حاصل ہو جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن