مسیحی برادری آج کرسمس روایتی جوش و جذبے سے منائیگی
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار/ نامہ نگار/ ایجنسیاں) دنیا بھر کی طرح پاکستان کی مسیحی برادری آج (منگل) 25دسمبر کو کرسمس کا تہوار روایتی جوش و جذبے سے منائے گی، گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات منعقد ہونگی، جن میں ملکی ترقی، قیام امن اور سلامتی و خوشحالی کی خصوصی عائیں مانگی جائیں گی۔ مسیحی اس روز گھروں کو بھی سجاتے ہیں۔ حضرت عیسیٰؑ کے یوم ولادت کی مناسبت سے ہونے والی کرسمس تقریبات میں مسیحیوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے پیروکار بھی خصوصی طور پر شرکت کرتے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں مسیحی برادری کے بڑے مذہبی اجتماعات کتھیڈرل چرچ، سینٹ اینتھونی چرچ اور ڈان باسکو چرچ میں ہونگے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں تمام شعبوں میں مسیحی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے مسیحی برادری کی بھرپور شرکت پرقوم کو فخر ہے، آئین کے تحت ریاست کے تمام شہریوں کو مساوی حیثیت حاصل ہے۔کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلاشبہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے مسیحی بھائیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات کی روشنی میں ہم نے ہمیشہ مسیحی قوم اور دیگر اقلیتوں کے حقوق و مفادات کے تحفظ کی ہرممکن کوشش کی ہے، معاشرہ میں ان کے باوقار مقام کیلئے مﺅثر اور ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کرسمس کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنی اور اپنی جماعت کے کارکنان کی جانب سے پاکستان بھر کی مسیحی برادری کو ان کے تہوار کرسمس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم اس پاکستان کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے جس میں ہر پاکستانی اپنے مذہب، زبان اور نسل سے نہیں بلکہ ایک قوم کی حیثیت سے بحیثیت پاکستانی پہنچانا جائے گا اور سب کیلئے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے برابر مواقع ہونگے۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں مسیحی برادری نہایت اہمیت کی حامل ہے اور اسے مساوی حقوق حاصل ہےں۔ حضرت عیسیٰؑ کی زندگی اور تعلیمات سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ انسان کو حقیقی خوشی اس وقت نصیب ہوتی ہے جب وہ روحانی بصیرت سے آراستہ ہوکر عاجزی و انکساری اور خدمت خلق کو اپنا شعار بنائے۔ میں پاکستان کی مسیحی برادری کو ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں مفید کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں حساس اداروں نے قانون نافذکرنے والے اداروں کو اطلاع کی ہے کہ دہشت گرد آج کرسمس کے موقع پر دہشت گردی کی کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں۔ جس پر لاہور میں قائم 4سو 94 گرجاگھروں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور اسلم ترین کے احکامات پر لاہور میں قائم 4سو 94گرجا گھروں کو تین مختلف کیٹیگریز اے، بی اور سی میں تقسیم کرکے سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گرجاگھروں میں شہریوں کو میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس سے گزار کر اندر داخل ہونے دیا جائے گا جبکہ اہم چرچوں کے آگے لوہے کے بیرئر لگاکر چیکنگ کی جائے گی اور گاڑیوں کی پارکنگ فاصلے پر کرائی جائے گی۔