• news

کراچی : فائرنگ کے واقعات میں 2 بھائیوں مذہبی رہنما سمیت 11 جاں بحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2بھائیوں سمیت 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ناظم آباد نمبر 2 میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے تین افرادکو قتل کردیا، تینوں افراد آپس میں رشتے دار تھے، جن میں 2 بھائی قمر حسین اور محمد حسین اور ان کا کزن حسین عباس شامل ہیں۔ واردات کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں اور کاروبار بند ہوگیا۔ نیوکراچی میں کریلا سٹاپ پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص چل بسا۔ نارتھ کراچی میں مقامی مسجد کے پیش امام مفتی محمد معاویہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ جو نجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ اہلسنت والجماعت کے ترجمان کے مطابق مفتی محمد معاویہ اہلسنت والجماعت کے مقامی ذمہ دار تھے۔ سپرہائی وے پر میڈیکل کے سٹوڈنٹ زوہیب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مچھر کالونی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے دوافراد اور ایوب گوٹھ میں ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری جانب قائدآباد میں مرغی خانے کے قریب نجی سکول میں دھماکہ سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ کراچی میں پولیس نے ساﺅتھ زون کے گیارہ تھانوں کی کارروائی کرکے 16ملزمان گرفتار، دستی بم، کلاشنکوفوں سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ، چھینا ہوا سامان اور منشیات برآمد کر لی۔ گزری کے علاقے سے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ درخشاں پولیس نے 2ملزمان پکڑ لئے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ریگل چوک کے قریب بھی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ گلستان جوہر کراچی سے رکن سندھ اسمبلی کلثوم چانڈیو کی گاڑی نمبر جی ایس 6514نامعلوم افراد نے چھین لی۔

ای پیپر-دی نیشن