• news

بشیر بلور کا ختم قل، گیلانی، قاضی، اسفندیار سمیت اہم شخصیات کی شرکت

پشاور (بیورو رپورٹ) خودکش بم دھماکہ میں جاںبحق ہو نے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور صوبہ خیبر پی کے کے سینئر وزیر بشیر احمد بلورکی رسم قل پیر کے روز بلور ہاﺅس میں ادا کی گئی جبکہ اس دوران بشیر احمد بلور کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کےلئے بلور ہاﺅس میں سیاسی رہنماﺅں، پارٹی ورکرز اور سرکاری حکام کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کے بیٹے ہارون بلور کو سیاسی جانشین مقرر کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم گیلانی، قاضی حسین احمد، اسفندیار ولی خان، وزیر اعلیٰ ہوتی، گورنر بیرسٹر مسعود کور، سینیٹر حاجی عدیل، عبدالغفور حیدری، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان اور دیگر ہائی کورٹ کے ججز کے علاوہ سیاسی رہنماﺅں، کارکنوں اور شہریوں نے غلام احمد بلور اور بشیر احمد بلور کے صاحبزادوں سے تعزیت کی اور الطاف حسین اور فضل الرحمن نے بھی فون پر بشیر بلور کی وفات پر تعزیت کی۔ صوبہ بھر میں سوگ جبکہ پشاور شہر میں ہو کا عالم تھا خیال رہے کہ اس واقعہ کے بعد صوبائی حکومت نے صوبہ بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا جبکہ اے این پی نے دس روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا تاہم اس واقعہ کے تیسرے روز شہر کے بیشتر بازار و مار کیٹں بند رہیں۔ خیبر پی کے بار کونسل کی اپیل پر وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ وزیر بشیر احمد بلور کے بڑے بیٹے بیرسٹر ہارون بلور کو ان کے سیاسی جانشین مقرر کر دیا گیا ہے وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے ہارون احمد بلور کو روایتی ٹوپی پہنائی۔ ہارون بلور نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وہ اپنے والدکے نقش قدم پر چل کر ان کا مشن آگے بڑھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن