طاہرالقادری اس سے بھی بڑا جلسہ کرسکتے ہیں‘اسٹیبلشمنٹ کھیل بند کرے:صوبائی وزیر قانون
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے طاہرالقادری نے سارا سال کوشش اور 25 سے 30 کروڑ خرچ کرکے جو جلسہ کیا وہ پھر 50 سے60 کروڑ خرچ کرکے پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کرکے اس سے بھی بڑا جلسہ کرسکتے ہیں، بڑے جلسے کرنا اس بات کی دلیل نہیں کہ کوئی جماعت سیاسی طور پر مضبوط ہے یا عوامی سپورٹ کی حامل ہے، اسٹیبلشمنٹ اپنا کھیل بند کرے، جس پیپلز پارٹی کا صدر منظور وٹو اور گورنر محمود احمد ہو وہ بھٹو کی پارٹی کیسے ہوسکتی ہے، اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا 23 دسمبر کا جلسہ 30اکتوبر کے جلسہ کی نفی تھا، اسٹیبلشمنٹ نے 30 اکتوبر کو جو مہرہ کھیلا تھا وہ مات ہوگیا اور ہنگ پارلیمنٹ کی تشکیل کا مقصد اسٹیبلشمنٹ کو حاصل ہوتے نظر نہیں آرہا - انہو ںنے کہا اسٹیبلشمنٹ نہ توچینج خان کو جتوانا چاہتی ہے اور نہ ہی طاہر القادری کو ، وہ تو صرف ہنگ (معلق) پارلیمنٹ چاہتی ہے - انہوں نے کہا طاہر القادری کا جلسہ محض ہلچل مچانے کی ناکام کوشش تھا- طاہر القادری کے پاس کوئی ایجنڈا یا منشور ہے تو وہ انتخابات میں حصہ لیں - عوام کو انکی سوچ پسند آئی تو برسراقتدار آکر حکومت بنالیں- انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے 40 یا 50 کروڑ خرچ کرکے نہ تو ماضی میں کوئی جلسہ کیا نہ ہی کرے گی -