مخدوم احمد کو گورنری، پیپلزپارٹی نے ہارس ٹریڈنگ شروع کر دی: پیر پگاڑا
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ف) کے صدر پیر صبغت اللہ راشدی پیرپگاڑا نے پنجاب بھر کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کارکنوں کو متحد کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع کر دیں، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ف کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے امیدوار اپنی اپنی درخواستیں 15جنوری تک ارسال کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن سے قبل ہارس ٹریڈنگ شروع کردی ہے اور اس کا آغاز اس نے مخدوم احمد محمود کو پنجاب کی گورنری دیکر کیا ہے۔ انہوں نے کہا زرداری کے اس فعل پر سندھ کے عوام بالخصوص پیر صاحب پگاڑا کے لاکھوں مریدین زرداری کو کبھی معاف نہیں کریں گے اور آئندہ سندھ کا وزیراعلیٰ مسلم لیگ ف کا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری و بدامنی کی وجہ سے ملک جس پرآشوب دور سے گزر رہا ہے اس صورتحال سے اسے صرف پیر صاحب پگاڑا ہی نجات دلاسکتے ہیں۔ اس موقع پر ملک سلیم اعوان نے کہا کہ مرحوم پیر پگاڑا شاہ مردان شاہ نے اپنی زندگی میں مسلم لیگ ف کو مضبوط اور فعال بنانے کیلئے سینئر رہنماو¿ں کنور قطب الدین، سلطان محمود خاں اور شیخ انور سعید پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بنائی تھی جس کی صدر مسلم لیگ پیر صبغت اللہ کی زیرصدارت اجلاس میں توثیق بھی کردی تھی لیکن بعض اناپرست لیڈروں نے اس پر عمل نہیں ہونے دیا۔