• news

مسلم لیگ ن ٹیکس چوروں، غیر معتبر سیاستدانوں کیلئے محفوظ جگہ بن چکی : جاوید ہاشمی

 لندن (نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ ان کی سابق جماعت مسلم لیگ ن ٹیکس چوروں، ڈرگ مافیا اور ناقابل اعتبار سیاستدانوں کیلئے محفوظ جگہ بن گئی۔ لندن میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے میرٹ کا خیال کئے بغیر پارٹی کے دروازے تمام لوگوں کیلئے کھول دیئے ہیں۔ نواز شریف نے لندن اور جدہ میں قیام کے دوران پرویز مشرف کیخلاف چلنے والی مہم میں ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے غریب پارٹی ورکرز کو نظر انداز کیا جو جمہوریت کے حق میں کھڑے ہوئے تھے۔ جاوید ہاشمی نے اپنی تقریر کے دوران دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں سے درخواست کی کہ وہ ملک میں تبدیلی کیلئے چلائی جانے والی تحریک میں حصہ دار بنیں۔

ای پیپر-دی نیشن