گورنر ہاﺅس: پیپلز پارٹی اور نئے گورنر کے حامیوں میںنعرے بازی‘ ٹکراﺅ ہوتے رہ گیا
لاہور (آئی این پی) گورنر ہاﺅس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی اور نئے گورنر مخدوم احمد محمود کے حمایتوں کے درمیان نعرے بازی کا مقابلہ‘ ٹکراﺅ ہوتے ہوتے رہ گیا‘ وزیراعلی شہباز شریف کے حق میں بھی نوجوان نعرے بازی کرتا رہا۔ منگل کے روزگورنر ہاﺅس لاہور میں تقریب حلف برداری سے قبل گورنر ہاﺅس کے سبزہ زار میں تقریب میں شریک پیپلز پارٹی کے جیالوں نے صدر آصف زردرای‘ بینظیر بھٹو شہید اور بلاول بھٹو کے حق میں نعرے لگائے جس سے گورنر ہاﺅس کا سبزہ زار جیوے بھٹو جیوے بھٹو‘ اگلی واری فےر زرداری کے نعروں سے گونجتا رہا جس پر وہاں موجود مخدوم سید احمد محمود کے حمایتوں نے ان کے حق میں نعرے بازی شروع کردی جس کی وجہ سے دونوں گروپوں کے حمایتی آمنے سامنے آ گئے تاہم وہاں موجود رہنماﺅں کی مداخلت سے دونوں اطراف کے حمایتوں میں ٹکراﺅ ہوتے ہوتے رہ گیا اور تقریب کے اختتام پر جب وزیر اعلی شہباز شریف سٹیج سے اتر رہے تھے تو اسی دوران وہاں موجود نوجوان نے وزیراعلی شہباز شریف زندہ باد کے نعرے بھی لگائے جس پر شہباز شریف نے پیچھے مڑ کر دیکھا اور نوجوان کو ہاتھ کے اشارے سے خاموش کرا دیا۔