پی آئی اے کے 3078 ملازمین کی فراغت، ریٹائرڈ افراد کو دوبارہ بھرتی نہ کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (ثناءنیوز) پی آئی اے سے 3078 ملازمین کو فارغ کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین کو دوبارہ بھرتی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نکالے جانے والے ان ملازمین کو خصوصی پیکج دیا جائے گا اور ان ملازمین کو نکالنے کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ اصلاحاتی عمل کا حصہ ہے۔ ان ملازمین کو مرحلہ وار فارغ کیا جائے گا اور یہ عمل پانچ سال میں مکمل ہوگا۔ ان ملازمین کو نکالنے سے پی آئی اے کو سالانہ 3 ارب 80 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔ پی آئی اے میں اس وقت 18 ہزار ملازمین ہیں۔ فی طیارہ 482 ملازمین ہیں۔ ملازمین کی فی طیارہ شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ پاکستان میں ہے۔ پی آئی اے کو اصلاحات کے لئے 26 ارب روپے پیکج دینے کا امکان ہے۔