جماعت اسلامی نے مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف کو انتخابی اتحاد، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی دعوت دیدی
کراچی (نیوز رپورٹر/ نوائے وقت نیوز) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہیں، امید پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے اور مال و دولت کی ریل پیل کے بجائے عوام کو انتخابات کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا امید ہے الیکشن کمشن جماعت اسلامی کو ترازو کا نشان الاٹ کر دے گا۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں ملکر انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی بات کریں، ماضی میں لوگوں نے ایم ایم اے پر اعتماد کیا لیکن یہ ضروری ہے کہ عوام کی توقعات پر پورے نہ اترنے کا بھی جائزہ لیا جائے۔ کراچی کے عوام کو آزادانہ ووٹ دینے کا حق دیا جائے تو شہر سے دہشت گردی کا خودبخود خاتمہ ہو جائے گا۔ نیوز رپورٹ کے مطابق لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستانی شہریت رکھنا گوارا نہیں کرتے آج انہیں ریاست بچانے کی فکر ہو رہی ہے۔ ترقی پسند دانشور پاکستان کو سیکولر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب اور سر کا تاج ہے، اُسے یرغمال بنانے نہیں دیں گے، جماعت اسلامی ترازو کے نشان سے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔