میٹرو بس منصوبہ سے ٹرانسپورٹ کلچر میں نمایاں تبدیلی آئے گی:شہباز شریف‘ پشاور جا کر بشیر بلور کے اہلخانہ سے تعزیت
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹروبس پراجیکٹ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا ایک عجوبہ ہے جس سے ٹرانسپورٹ کے کلچر میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ میٹرو بس سروس مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے جس سے شہریوں کو آرام دہ ، محفوظ ، تیزرفتاراور باکفایت سفری سہولیات میسر آئیں گی۔آج آزمائشی طور پر میٹرو بسیں چلائی گئی ہیں، آئندہ چند روز میں یہ بسیں عوام کو باقاعدگی سے سفری سہولیات کی فراہمی شروع کردیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میٹرو بس سروس کے آزمائشی اجرا کے موقع پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اتفاق بس سٹیشن سے گجومتہ تک میٹرو بس سروس کا آزمائشی طور پر اجرا کیا گیا۔ بس میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان، وزیراعلیٰ کے مشیران، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے، سٹی ٹریفک پولیس آفیسر، ترک اور چینی کی کمپنیوں کے نمائندے بھی بس میں سوار تھے۔ شہبازشریف نے کہا کہ میٹروبس سروس کے عظیم الشان منصوبے پر دن رات کام جاری ہے اور یہ تاریخی منصوبہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا جس سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ میٹرو بس سروس کےلئے ای ۔ٹکٹنگ کا جدید نظام لایا جا رہا ہے جس سے مسافروں کو سہولتیں ملیں گی۔ میٹرو بسیں لاہور پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ 6بسیں آچکی ہیں جبکہ باقی بھی جلد پہنچ جائیں گی۔ان بسوں میں 150سے زائد مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور ہر 3منٹ کے بعد بس دستیاب ہوگی۔ یوم قائد اعظم کے موقع پر میٹرو بس سروس آزمائشی طور پر شروع کی گئی۔ اتفاق بس سٹیشن سے گجومتہ ،گجومتہ سے کلمہ چوک اور کلمہ چوک سے اتفاق بس سٹیشن تک 3بسیں چلائی گئیں۔ پہلی بس میں شہبازشریف کے علاوہ مشیران، چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی،ڈی جی ایل ڈی اے،سی ٹی او، ترک اور چین کی بس مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے نمائندے سوار تھے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چونگی امرسدھو سے گجو متہ تک میٹروبس خود بھی چلائی۔ میٹرو بسیں جب گجومتہ پہنچیں تو لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے بسوں کا استقبال کیا اور شہبازشریف ،خادم اعلیٰ۔۔زندہ باد کے پرجوش نعرے لگائے۔ بسوں کو دیکھ کر لوگ خوشی سے بے قابو ہورہے تھے اور وہ شہبازشریف کو دعائیں دے رہے تھے۔ اس موقع پر کچھ لوگوں نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف نے اتنی شاندار بس سروس شروع کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ بسوں کے گجومتہ پہنچنے پر وزیراعلیٰ بس سے نیچے اترے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔وہ لوگوں سے میٹروبس کے کرائے کے تعین کے بارے میں بھی دریافت کرتے رہے۔ گجومتہ سے جب بسیں روانہ ہوئیں تو ان بسوں میں ارکان اسمبلی اور وہاں موجود لوگ بھی سوار ہوگئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اتفاق بس سٹیشن پر ای۔ٹکٹنگ سسٹم، پلیٹ فارم اور مسافروں کے بس سٹیشن میں داخلے اور اخراج کے علاوہ مسافروں کی بس سٹیشنوں میں داخلے اور باہر آنے کے حوالے سے رہنمائی کے لئے کئے گئے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف گذشتہ روز خیبر پی کے کے سینئر وزیربشیر احمد بلور کی بم دھماکہ میں شہاد ت پر تعزیت کے لئے بلور ہاﺅس پشاور گئے اور انہوں نے بشیر احمد بلور کے اہلخانہ کے ساتھ دلی افسوس اور دکھ کا اظہارکیا۔ اس موقع پر چودھری نثار خان، سینئر مشیر سردار ذوالفقارکھوسہ اور سینیٹر پرویز رشید بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماﺅں نے بشیر احمد بلورکی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔شہبازشریف اور دیگر رہنماﺅں نے اے این پی کے رہنما اسفندیار ولی اور وفاقی وزیرریلوے غلام احمد بلور سے بھی بشیر احمد بلور کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر شہبازشریف نے بشیر احمد بلور کی سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بشیر احمد بلور نے ہمیشہ حق اور سچ کے لئے آواز بلند کی۔ وہ ملک سے انتہاپسندوں کا خاتمہ چاہتے تھے۔ بشیر احمد بلور نے اپنی جان قربان کردی لیکن وہ اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے سے قومی پالیسی بناناہوگی اور قومی قیادت کو اس اہم مسئلے پر اکٹھا ہونا ہوگا۔ جمہوریت کو بچانے کے لئے انتہاپسندی کے خلاف یک زبان ہوکر آگے بڑھنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ ملک و قوم کی بقا کے لئے عام انتخابات کا انعقاد نہایت ضروری ہے اور الیکشن ہرصورت مقررہ وقت پر ہونے چاہیے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے نوجوانوں کو آگے آ کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی کنجی نوجوانوں کے پاس ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ نوجوان ملک کے درخشاں ستارے ہیں تو غلط نہ ہوگا۔ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نوجوانوں کو اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں کیونکہ قوم کی ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانے کیلئے انقلابی پروگرامز پر عمل پیرا ہے اور انشاءاللہ ہم نوجوانوں سے مل کر پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن میں دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلبا و طالبات کو ان کی لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالامال ملک ہے اور پاک وطن ہی سے ہم سب کی پہچان ہے۔ آج یہاں کسی ایک صوبے کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے ہونہار اور قابل طلبا و طالبات بیٹھے ہوئے ہیں۔ ایسے ہی خوبصورت اتحاد کا پیغام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دیا تھا جن کا آج ہم یوم ولادت منا رہے ہیں۔پاکستان کے لائق اور ذہین طلبا و طالبات کو عزت و توقیر دینا ان کا حق ہے اور پنجاب حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران ہونہار طلبا و طالبات کی صلاحیتوں کا برملا اعتراف کیا ہے اور انہیں نقد انعامات کے علاوہ بیرون ملک کی اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں میں دورے بھی کرائے گئے۔ ساڑھے چار برس کے دوران پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے چالیس ہزار طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف دیئے گئے ہیں۔ انڈومنٹ ونڈ کا حجم 10 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اس فنڈ میں ہر سال 2 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس فنڈ کی بدولت کم وسیلہ ہونہار طلبا و طالبات لمز اور نسٹ جیسے اداروں میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ پاکستان کی تاریخ کا یہ منفرد منصوبہ ہے جس کی نظیر 65 برس میں نہیں ملتی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ایسے پاکستان کا خواب نہیں دیکھا تھا جہاں امیر اور اشرافیہ عیاشیاں کریں اور غریب بنیادی سہولتوںکیلئے ترسیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر پنجاب دانش سکول بنا سکتا ہے، یہاں ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم ہوسکتا ہے، آئی ٹی یونیورسٹی بن سکتی ہے، لیپ ٹاپ دیئے جاسکتے ہیں، انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جاسکتا ہے، ییلوکیب اور گرین ٹریکٹرز سکیم کا اجراءہوسکتا ہے تو پورے ملک میں ایسے فلاحی پروگرام کیوں نہیں شروع ہوسکتے؟ بات صرف درست سمت اور نیت کی ہے۔ قیادت پرعزم، دیانت دار اور باحوصلہ ہو تو کٹھن منزل بھی آسان ہوجاتی ہے۔ پنجاب حکومت نے اسلام آباد کے حکمرانوں کی بدترین کرپشن اور اقربا پروری کے باوجود صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی اور فلاحی منصوبے شروع کئے جس کے ثمرات سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم قائدؒ کا اصل پیغام مساوات، سماجی و معاشی انصاف، یکساں ترقی کے مساوی مواقع اور معاشرے میںامن قائم کرنا ہے۔ آج کے دن ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔ وسائل بچا کر عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کریں گے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خودمختار ملک بنایا جائے گا جو بین الاقوامی برادری میں آنکھ سے آنکھ ملا کر بات کرسکے۔ قائداعظمؒ پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے اور مسلم لیگ (ن) قائدؒ کا یہ خواب پورا کرکے دم لے گی۔ مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور میرا جینا مرنا پاکستان کیلئے ہے۔ تقریب سے پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات نے بھی خطاب کیا اور وزیراعلیٰ کی تعلیم کے فروغ کیلئے خدمات کو شاندار الفاظ میں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔