• news

متحدہ کے قائد کا طاہر القادری کو فون‘ کارکن 14 جنوری کو مارچ کے لئے تیار ہیں : الطاف

لاہور / لندن (خصوصی نامہ نگار/ آئی این پی/ نوائے وقت رپورٹ) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طاہر القادری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان منگل کو ٹیلی فون پررابطہ ہوا، نظام کی تبدیلی کےلئے الطاف حسین نے طاہرالقادری کو انقلابی جدوجہد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ الطاف حسین نے کہاکہ انقلابی جدوجہد میں طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔ ایم کیوایم کے کارکنان طاہر القادری کی 14جنوری کی کال کےلئے تیار ہو جائیں، ایم کیو ایم کے کارکنان رابطہ کمیٹی کے حتمی اعلان کا انتظارکریں، ہم ملک سے کرپٹ پولیٹیکل سسٹم، دولت اور موروثی نظام سیاست اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کی انقلابی جدوجہد میں ڈاکٹرطاہرالقادر ی کے ساتھ ہیں، دونوں رہنماو¿ں نے 14جنوری کے لانگ مارچ اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ الطاف حسین نے نظام انتخاب میں اصلاحات کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کے مطالبہ کی بھرپور تائیدکرتے ہوئے کہاکہ ملک کے نظام میں حقیقی تبدیلی کیلئے انتخابی نظام میں اصلاحات ضروری ہیں۔ الطا ف حسین نے کہا کہ اب فیض احمد فیض کے اس خواب کو پوراکرنے کا وقت آگیا ہے کہ، سب تخت گرائے جائیں گے، سب تاج اُچھالے جائیں گے۔۔اور راج کرے گی خلقِ خدا، جو میں بھی ہوں اور تم بھی ہو۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے الطاف حسین کی بھرپور حمایت و تعاون پر ان کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ ایم کیوایم اور تحریک منہاج القرآن میں یہی چیز قدر مشترک ہے کہ دونوں ملک سے کرپٹ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہیں، اس سے بڑھکرکوئی اور مشترکہ ایجنڈا نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سادہ سا ایجنڈا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے ایک ایسی جاندار اور ایماندار نگراں حکومت تشکیل دی جائے جسکے پاس وژن ہو، اتھارٹی ہو، اہلیت اور قابلیت ہو، جسے ریاست کے اداروں کی سپورٹ بھی حاصل ہو اور جو نظام انتخاب میں اصلاحات کرکے آزادانہ اور منصفانہ الیکشن کرا دے۔ دریں اثناءطاہر القادری نے کہاکہ 14 جنوری کے عوامی مارچ کو روکنے کا واحد راستہ 10جنوری سے قبل تمام سٹیک ہولڈرز کے اعتماد کے ساتھ نگران سیٹ اپ کا قیام ہے جس پر قوم کو مکمل اعتماد ہو، اس نگران حکومت کے مینڈیٹ میں آئین کی شقوں کے مطابق انتخابی اصلاحات کے بعد 90دن کے اندر انتخابات کی تکمیل ہو۔ مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں انہوں نے عوام پاکستان، اندرون اور بیرون ملک تنظیمات اور کارکنان کو 23دسمبر کے تاریخی اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور 14جنوری کے عوامی مارچ کی تیاریاں بھرپور انداز میں کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر عوامی مارچ کے انتظامات اور ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم کےلئے 100سے زائد کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ عوامی مارچ کی کمیٹیوں کے سربراہ شیخ زاہد فیاض ہو ں گے۔

ای پیپر-دی نیشن