• news

بھارت کیخلاف سیریز میں سعید اجمل کلیدی کردار ادا کرینگے: رمیز راجہ‘ وسیم اکرم

بنگلور+کراچی (نیوز ایجنسیاں) سابق پاکستانی کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف ٹی 20 اور ون ڈے سیریز میں سعید اجمل کلیدی کردار ادا کریں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو حال ہی میں انگلینڈ سے سیریز کھیلنے کی وجہ سے گرین شرٹس پر ایڈوانٹیج حاصل ہوگا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ سعید اجمل پاکستانی ٹیم کا میچ وننگ باﺅلر ہے اس کی باﺅلنگ میں کافی ورائٹی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو یہ بات بخوبی جان لینی چاہئے کہ وہ باﺅلنگ نہیں بلکہ بیٹنگ آل راﺅنڈر ہیں۔ انہیں اپنی بیٹنگ میں بہتری لانا ہوگی۔ جب وہ اچھی بیٹنگ نہیں کرپاتے تو ٹیم کا توازن بگڑ جاتا ہے۔ سابق کپتان رمیز راجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انضمام الحق کو بیٹنگ مشیر بناکر بہترین فیصلہ کیا ہے۔ انضمام الحق کے پاس ایک وسیع تجربہ ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹےم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے سے بھارتی ٹیم بھرپور پریکٹس میں ہے، سعید اجمل کی وجہ سے پاکستان کو باﺅلنگ میں برتری حاصل ہوگی۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن ناتجربہ کار ضرور ہے لیکن کھلاڑیوں سے اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ پاکستان ٹیم کا کرکٹ کھیلنا ہی خوش آئند ہے، اس سیریز سے پاکستانی کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہو گا۔ سیریز کا شائقین کو بے تابی سے انتظار رہتا ہے، انہیں مستقل بنیادوں پر ہونا چاہئے۔ پاکستان بھارت سیریز میں جو کھلاڑی میچ وننگ کارکردگی دکھاتا ہے، وہ ہیرو بن جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن