نیشنل گیمز: واپڈا کی 48 گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) 32 ویں قومی کھیلوں کے چوتھے روز بھی میڈل ٹیبل پر واپڈا کی 48گولڈ میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہے، سندھ 11گولڈ کے ساتھ دوسرے جبکہ پنجاب10 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ چوتھے روز کے اختتام پر واپڈا 48گولڈ میڈلز، 22 سلور 16براﺅنز میڈل کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ سندھ 11گولڈ،6سلور اور10 براﺅنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب 10گولڈ،15 سلور اور10 براﺅنز میڈل کے ساتھ تیسرے اور ایچ ای سی9 گولڈ اور 10سلور 21 براﺅنز میڈل کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ ایتھلیٹکس مقابلوں میں پال والٹ ویمن فائنل میں واپڈا کی نسرین اختر نے 2.55 وقت کے ساتھ گولڈ، واپڈا ہی کی غزالہ ستار نے سلور اور ایچ ای سی کی صائمہ ارم نے براونز میڈل حاصل کیا۔ شاٹ پٹ ویمن فائنل میں واپڈا کی زینت پروین نے 11.10 فاصلے کے ساتھ گولڈ میڈل، واپڈا ہی کی نازیہ کوثر نے سلور اور ریلوے کی عابدہ نے براونز میڈل حاصل کیا۔ جیولین تھرو مردانہ ایونٹ فائنل میں ایچ ای سی کے الطاف حسین نے 65.55 میٹر فاصلے کے ساتھ گولڈ، واپڈا کے عرفان حسین نے سلور، ایچ ای سی کے عالم صدام نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ ہائی جمپ ویمن فائنل میں واپڈا کی نسرین اختر نے 1.44 فاصلے کے ساتھ گولڈ، واپڈا کی صائمہ سحر نے سلور اور ایچ ای سی صائمہ انعم نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ 800 میٹر مردانہ ایونٹ فائنل میں واپڈا کے علی محمد نے 1.55.56 ٹائم میں فاصلہ طے کرکے گولڈ، واپڈا کے فرحان احمد نے سلور اور پنجاب کے محمد اکرم نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ 800 میٹر خواتین فائنل میں واپڈا کی رابعہ عاشق نے 2.35.34 ٹائم میں فاصلہ طے کرکے گولڈ، سویرا واپڈا نے سلور اور ایچ ای سی کی فرحت بتول نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ ٹینس میں انفرادی ڈبلز مقابلوں میں واپڈا کے عقیل خان اور شہزاد خان نے پنجاب کے ہیرا عاشق اور خرم نذیر کو 6-2, 6-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا جبکہ ایچ ای سی کے سعد مبارک اور عثمان اعجاز نے کے پی کے اسرار گل اور شاہین کو شکست دے کر براﺅنز میڈل جیتا۔ اس طرح واپڈا گولڈ، پنجاب سلور اور ایچ ای سی نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ جمناسٹک میں واپڈا نے 274.70 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ، ریلویز نے 244.60 پوائنٹس کے ساتھ سلور جبکہ پنجاب نے 236.50 پوائنٹس کے ساتھ براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ ایچ ای سی چوتھے، پولیس پانچوں اور سندھ چھٹے نمبر پر رہا۔ انفرادی سائیکلنگ ٹائم ٹرائل مردوں میں واپڈا کے صابر نے 46.28.89 ٹائم میں فاصلہ طے کرکے گولڈ، میانداد ریلوے نے سلور اور ایچ ای سی کے حافظ طاہر نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔ خواتین میں واپڈا کی راحیلہ بانو22.12.66 ٹائم میں فاصلہ طے کرکے گولڈ میڈل، ایچ ای سی کی رضیہ نے سلور، ریلوے کی فضا نے براﺅنز میڈل حاصل کیا۔