امریکہ اور اسرائیل گیس منصوبے کے دشمن ہیں: ایرانی قونصل جنرل
ٹنڈوباگو (آئی این پی) ایرانی قونصل جنرل مہدی لبحانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل پاکستان، ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے دشمن ہیں تاہم ایران تمام رکاوٹوں کے باوجود پاکستان کو توانائی بحران پر قابو پانے کےلئے بھرپور مدد دے گا۔ وہ منگل کو ایرانی حکومت کی جانب سے 12کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی ہائر سکینڈری سکول ٹنڈوباگو کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ایران کی جانب سے سندھ میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت مراکز اور سکول کی عمارتیں تعمیر کرنے کےلئے100ملین ڈالرز خرچ کئے جائیں گے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مزید منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی ہدایت پر ایرانی حکومت سندھ اور پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانیوں نے خون کا نذرانہ دے کر آزادی حاصل کی تاہم دشمن ملک ایران کی ترقی کی راہ میں حائل ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بحالی مظفر شجراع نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایران کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے تھے اس وقت ایران ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ ایران نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ایران جلد ایٹمی قوت بن جائے۔ تقریب میں احمد رضام، ڈائریکٹر ایران ہاﺅسنگ سوسائٹی، ماجد جودی، سلطان کمرشل اتاشی ایران کونسل اور پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر کا شف گلزار ڈپٹی کمشنر بدین کاظم جتوئی اور پرنسپل محمد اسماعیل میمن نے بھی شرکت کی۔