کرسمس تہوار: مسیحی برادری کی ملکی سلامتی و استحکام اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں
لاہور (نامہ نگاران) چونیاں، بچیکی، خانقاہ ڈوگراں، واربرٹن، نارنگ منڈی، سانگلہ ہل و دیگر شہروں میں مسیحی برادری نے کرسمس کا تہوار جوش و جذبے سے منایا، چرچوں میں ملکی سلامتی اور قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں، مسیحی برادری نے اپنی مخصوص عبادات میں شرکت کی، کرسمس کیک کاٹے گئے۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق بچیکی اور بڑا گھر میں واقع چرچز میں منعقدہ مختلف تقریبات میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگار کے مطابق مسیحی برادری پاکستان کی تعمیر و ترقی، امن اور خوشحالی میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ پادری قمر مسیح، چرچ میں کرسمس کے سلسلہ میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے اقلیتی رہنما سیٹھ عابد سلطان اٹھوال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنا کرتی رہے گی۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق واربرٹن کے گرد و نواح میں کرسمس کا تہوار منایا گیا۔ سب سے بڑا اجتماع کیتھولک چرچ تنویر کالونی واربرٹن میں ہوا جس میں بشپ ہاﺅس شیخوپورہ کے فادر پطرس مانول بابو ندیم، منشی شوکت مسیح اور رفیق مسیح نے خطاب کیا۔ اس موقع پر کرسمس کیک کاٹا گیا اور ملکی استحکام، ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ چرچ میں تقریب کا اہتمام ادریس مسیح اور شفیق مسیح نے کیا تھا۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کے صوبائی رہنما سردار ہاشم علی مان نے کرسمس ڈے کے پرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ چونیاں سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر چونیاں شیخ سلیم خالد نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کرسمس کیک کاٹ کر مسیحی برادری کو انکی خوشیوں میں شریک ہو کر مبارک دی اس موقع پر ٹی ایم او راجہ ارشاد ہیڈ کلرک اقبال جوئیہ سرفراز صفدر حنیف جوئیہ راجہ ارشاد ٹی ایم او عملہ اور مسیحی برادری کے لیڈر اللہ دتہ، حنیف، احسان گل حمید مسیح بھی موجود تھے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق کرسمس کے موقع پر مریدکے کے تمام گرجا گھروں میں کیک کاٹے گئے اور عیسائی برادری نے عبادت کے ساتھ کیک کاٹے۔ اس موقع پر پادریوں نے حضرت عیسیٰؑ کی شان بیان کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک پر ہر آنیوالی مصیبت میں ساتھ ہیں کیونکہ انہیں مکمل آزادی حاصل ہے۔