• news

سندھ: پیپلزپارٹی کے خلاف گرینڈ الائنس کے لئے رابطے ‘ مسلم لیگ ن‘ جے یو آئی ف کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق

کراچی، لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) پیپلز پارٹی کے خلاف سندھ میں گرینڈ الائنس بنانے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں میں رابطے شروع ہو گئے۔مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں آئندہ انتخابات کے لئے سندھ کی سطح پر انتخابی اتحاد بنانے اور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسمنٹ پر اتفاق ہوگیا۔ تاہم اس انتخابی اتحاد کا باضابطہ اعلان پارٹی کی مرکزی قیادت جلد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے بدھ کو غوث علی شاہ کی رہائشگاہ پر مشترکہ پریس پریس کانفرنس میں کیا۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر غوث علی شاہ نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام (ف) سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور مولانا فضل الرحمان ایک بڑی سیاسی اور مذہبی شخصیت ہیں ،ہم ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے وفد سے آج ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات میں سندھ کی سطح پر انتخابی اتحاد بنانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اور حکمران ٹولے کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار ہوگیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جے یو آئی (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماو¿ںسے ہونے والی ملاقات اچھی رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں سندھ کی سطح پر ہم ایک بڑا انتخابی اتحاد بنانے جا رہے ہیں۔ سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی چاہتے ہیں، کسی کو شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے اور آئندہ آنے والے انتخابات میں جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر پیپلز پارٹی سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ اصولی طور پر حکومت کو خود اقتدار سے الگ ہوکر انتخابات کا اعلان کردینا چایئے ورنہ مارچ میں تو یقیناً انتخابات کرانا پڑیں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود سومرو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب سندھ کارڈ کا کھیل نہیں کھیل سکے گی۔

ای پیپر-دی نیشن