بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں: نواز شریف
لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نواز شریف سے مشیر برائے امور خارجہ جاوید ملک نے ملاقات کی جس میں بیرون ممالک میں پارٹی کی کارکردگی اور خارجہ امور کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک قیمتی سرمایہ سمجھتی ہے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے ان کی عظیم خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ نواز شریف نے ہدایت کی وہ بیرون ملک مقیم پاکستانی برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب اس حوالے سے ایک خصوصی سیل کا قیام بھی عمل میں لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے بزنس اینڈ پروفیشنل فورم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم بھی فراہم کرنا چاہئے جہاں پارٹی کے اندر ان کی نمائندگی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے پاکستان میں ایک ایسے کنونشن کا انعقاد بھی عمل میں لایا جانا چاہئے جس میں بیرون ملک پاکستانی اپنی موثر تجاویز سامنے لائیں تاکہ قومی تعمیر کے عمل میں ان کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطی میں محمد نواز شریف کی ملاقاتوں کی بھی تعریف کی۔