• news

ملک کو اندھیروں سے نکالنے ‘ کرپشن کے خاتمے کے لئے عوام مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں : شہباز شریف

لاہور/جھنگ (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زر بابا اور چالیس چوروں نے ملک کو بے حال اور اربوں کھربوں روپے لوٹ کر قومی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ توانائی کے شدید بحران سے صنعت اور زراعت تباہ ہو گئی۔ کرپٹ مافیا نے کھاد کے نام پر کاشتکاروں کو لوٹا اور اب ےہ مافیا پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ختم کرنے کےلئے اےک اور وار کرنا چاہتا ہے۔ ملک کو اندھیروں اور مسائل کے بھنور سے نکالنے اور کرپشن کے خاتمے کے لئے آئندہ عام انتخابات میں عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔ ہم نے گذشتہ ساڑھے چار سال دیانتداری سے عوام کی خدمت کی ہے۔ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اگر ہم پر ایک پیسے کی بھی کرپشن ثابت ہو جائے تو میرا گریبان اور عوام کا ہاتھ ہو گا۔ پنجاب حکومت نے گذشتہ ساڑھے چار سالوں میں صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں۔ ضلع جھنگ میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کرائے گئے اور بڑے منصوبوں کی تکمیل سے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شورکوٹ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام اور قائم بھروانہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ تک سڑک کی توسیع و تعمیر کا اعلان کیا۔ وہ گذشتہ روز شورکوٹ کے علاقے کوٹ مرزا میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرداری اور اس کے حواریوں نے ملک کو مسائل اور زخموں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔ ملک میں آج ہر طرف اندھیرے چھائے ہیں، بجلی ہے نہ گیس اور نہ ہی روزگار، مہنگائی اور غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔ اگر غریب کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے دانش سکول بنانا ہے، لیپ ٹاپ تقسیم کرنا ہے، اجالا سکیم کے ذرےعے طالب علموں میں سولر لیمپس تقسیم کرنا ہے اور محروم معیشت طبقات کے لئے فلاحی پروگراموں کو جاری رکھناہے تو زر بابا اور چالیس چوروں سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہو گی اور ان کی کرپشن کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کرنا ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دےنے کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے جس سے 22 لاکھ غریب افراد مستفید ہوں گے۔ قبل ازیں ممبر قومی اسمبلی صائمہ اختر بھروانہ اور سابق مشیر مہر اختر عباس بھروانہ نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی آمد پر ان کے شکرگزار ہےں۔ ہم کل بھی مسلم لیگی تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف کے ساتھ رہیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ الےکشن حکومتوں کا نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنیوٹ میں ارکان اسمبلی، سیاسی خاندانوں کے سرابرہان، عمائدین اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و کارکنوں کے اعزاز میں دئےے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھونس و دھاندلی، رشوت اور سفارش کا خاتمہ میرا نصب العین ہے، عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لئے نوازشریف کو ووٹ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے چنیوٹ کو ضلع کا درجہ دیا، دوبارہ اقتدار میں آکر اسے مثالی ضلع بنا دیں گے۔ ہم اےسی امداد نہیں لیں گے جس سے ہماری قومی خودمختاری پر حرف آئے۔ ارکان اسمبلی اور عمائدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا فوری انعقاد وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ملک کی بقا، جمہوری نظام کا استحکام چاہتے ہیںاور الیکشن کا التوا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔ تبدیلی بلٹ نہیں بیلٹ کے ذریعے آنی چاہئے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے نئے مینڈیٹ کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔ وہ ماڈل ٹاﺅن میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ پروفیسر سینیٹر ساجد میر سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر صاف شفاف طریقے سے ہونے چاہئیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے دہشت گردی، کرپشن، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ ملک آج بدترین دور سے گزر رہا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ امید ہے کہ قوم ووٹ کی طاقت سے ایسی دیانتدار، پرعزم اور عوامی خدمت کرنیوالی قیادت سامنے لائیگی جو ملک کے مسائل حل کریگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کے زخموں پر مرہم نہ رکھا گیا تو ملک افراتفری کا شکار ہو جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن