• news

بینظیر شہید کی برسی آج منائی جائیگی، بلاول پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالیںگے

لاہور + کراچی + شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر + خبرنگار + نامہ نگار خصوصی) سابق وزیراعظم بینظیر شہید کی 5 ویں برسی آج ملک بھر میںعقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ برسی میں شرکت کیلئے ملک بھر سے قافلوں کی گڑھی خدا بخش آمد جاری ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ صدر زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ نے بینظیر شہید کی قبر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بلاول آج پیپلز پارٹی کی قیادت سنبھالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریبات کا آغاز صبح 9 بجے ہو گا۔ صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک بینظیربھٹو کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی جائے گی جس کے بعد پیپلز پارٹی کے تحت گڑھی خدا بخش میں عوامی جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا جس سے صدر مملکت آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ اس جلسہ میں مرکزی خطاب بلاول بھٹو زرداری کا ہو گا۔ جبکہ گزشتہ روز لاہور ریلوے سٹیشن سے خصوصی ٹرین سینکڑوں جیالوں کو لیکر لاڑکانہ کےلئے روانہ ہو گئی لاہور ریلوے سٹیشن پر پی پی لاہور کی صدر وفاقی وزیر ثمینہ خالد گھرکی، فائزہ ملک و دیگر پارٹی رہنماﺅں نے الوداع کیا ٹرین کی روانگی کے موقع پر کارکن جئے بھٹو کے نعرے لگاتے رہے۔ اورنگزیب برکی، آصف ناگرہ، سلیم مغل اپنے اپنے قافلے لے کر ریلوے سٹیشن پہنچے تو نہایت جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے اس موقع پر ثمینہ خالد گھرکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید بہت بڑی ذمہ داری سونپ کر اس دنیا سے رخصت ہو گئیں جبکہ پیپلز پارٹی کے وفاقی وزراءمرکزی رہنماﺅں کو لاڑکانہ لیجانے والا خصوصی طیارہ آج لاہور نہیں آ سکے گا دھند کی وجہ سے طیارہ اسلام آباد سے لاہور آنے کی بجائے براہ راست لاڑکانہ چلا جائے گا۔ جہانگیر بدر، عزیز الرحمن چن، اسلم گل، مشتاق اعوان، منیر احمد خان اور دیگر رہنما گزشتہ روز علی الصبح لاہور سے جیپوں اور کاروں میں لاڑکانہ گئے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق برسی میں شرکت کیلئے شیخوپورہ سے بھی کارکنوں کی بڑی تعداد قافلوں کی شکل میں گڑھی خدا بخش روانہ ہوئی ضلعی صدر الطاف حسن ورک کی قیادت میں حاجی فلک شیر، سیٹھ غلام رسول، چودھری شہباز گجر، ملک جمشید شہباز ہیرا، عطیہ ادریس سمیت دیگر عہدیداران و کارکن ان کی رہائشگاہ سے گڑھی خدا بخش روانہ ہوئے۔ ملک مشتاق اعوان، میاں مقصود، لیاقت علی، چودھری لطیف، آصف خان کی قیادت میں قافلے لاڑکانہ گئے۔

ای پیپر-دی نیشن